شیئر بازار میں فی الحال گراوٹ کا رخ، سینسیکس اور نفٹی میں کمی
نئی دہلی، 24 جنوری (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج شروعاتی کاروبار کے دوران گراوٹ نظر آرہی ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی کمزوری کے ساتھ شروع ہوئی تھی۔ حالانکہ مارکیٹ کھلنے کے بعد خرید کی حمایت سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس سبز نشان پر پہنچ گئے، لیکن کچھ دیر بعد فروخت کے دباو کی وجہ سے دونوں انڈیکس اپنے تمام فوائد کھو بیٹھے اور سرخ نشان میں ڈوب گئے۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.20 فیصد اور نفٹی 0.22 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد شیئر مارکیٹ کے سرکردہ شیئروں میں پاور گرڈ کارپوریشن، بی پی سی ایل، آئشر موٹرز، الٹرا ٹیک سیمنٹ اور ٹاٹا کنزیومر پروڈکٹس 1.14 فیصد سے لیکر 0.72 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز، اپولو ہاسپٹلز، ایس بی آئی لائف انشورنس، ٹاٹا موٹرس اور او این جی سی کے شیئر 4.49 فیصد سے لیکر 1.35 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 1,979 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 656 شیئر منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 1,323 شیئر خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 10 شیئر خرید کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 20 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 24 شیئر سبز نشان میں اور 26 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 65.03 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 76,455.35 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی یہ انڈیکس خریداری کی حمایت سے 76,802.73 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ لیکن کاروبار کے پہلے 15 منٹ میں ہی مارکیٹ میں فروخت کا دباو پیدا ہوگیا جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی حرکت میں کمی آئی۔ بازار میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس 149.86 پوائنٹس گر کر 76,370.52 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 21.45 پوائنٹس گر کر 23,183.90 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ مارکیٹ کھلنے کے بعد خریداری کی حمایت سے یہ انڈیکس تقریباً 90 پوائنٹس کی مضبوطی سے 23,292.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ حالانکہ کچھ دیر بعد مارکیٹ میں فروخت کا دباو بن گیا جس کی وجہ سے انڈیکس گر کر دوبارہ سرخ نشان پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10.15 بجے نفٹی 51 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 23,154.35 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن