اکالی دل بھی مکتسر میں سیاسی کانفرنس کرے گا
چنڈی گڑھ، 02 جنوری (ہ س)۔ غداری سمیت کئی معاملات میں تفتیش کا سامنا کر رہے آسام کی ڈبرو گڑھ جیل میں بند خالصتانی ایم پی امرت پال سنگھ نے پنجاب میں ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امرت پال سنگھ ایم پی بننے کے بعد بھی جیل میں ہیں۔ پنجاب کی سیاست میں مکرسکرانتی پر لوہڑی کے بعد مکتسر میں ہونے والی سیاسی کانفرنس بڑی اہمیت کی حامل تصور کی جا رہی ہے۔
شدت پسند امرت پال سنگھ نے کہا ہے کہ وہ 14 جنوری کو نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کریں گے۔ امرت پال کے حامی 'پنتھ بچاؤ، پنجاب بچاؤ' ریلی نکال رہے ہیں، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ امرت پال سنگھ کے والد اور ان کے قریبی ساتھی ریلی میں پارٹی کا اعلان کریں گے۔ امرت پال سنگھ کے اس قدم نے علاقائی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ ان کی پارٹی کے مسائل ریاست میں سکھ برادری کے مفادات کا تحفظ اور پنجاب کے مقامی مسائل جیسے بے روزگاری، زرعی بحران اور ماحولیاتی تحفظ پر توجہ مرکوز کرنا ہوں گے۔
اس کے ساتھ وہ منشیات کے خلاف بھی آواز اٹھائیں گے۔ امرت پال کے اس قدم کو شرومنی اکالی دل میں ہنگامہ آرائی سے جوڑا جا رہا ہے۔ دریں اثنا شرومنی اکالی دل نے بھی اس سال 14 جنوری کو مکتسر میں ماگھی میلہ میں سیاسی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اکالی دل کے ترجمان اور سابق وزیر دلجیت سنگھ چیمہ کے مطابق ماگھی کے موقع پر 14 جنوری کو سری مکتسر صاحب میں ایک بڑی سالانہ اکالی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ کانفرنس میں شرومنی اکالی دل کے تمام سینئر لیڈران بھی شرکت کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی