نئی دہلی، 02 جنوری (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعرات کو پنجابی باغ کلب روڈ فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ یہ 1.12 کلومیٹر طویل چھ لین والا فلائی اوور آزاد پور سے راجہ گارڈن جانے والے تمام دہلی والوں کو جام سے راحت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر آتشی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی تب ہوتی، جب وہ اپنے روڈ انفراسٹرکچر کو تیار کرتا ہے۔ اروند کیجریوال کی رہنمائی میں، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت نے گزشتہ 10 برسوں میں 39 فلائی اوور اور انڈر پاس بنا کر دہلی کی ترقی کو تیز کیا ہے۔گزشتہ 10 سالوں میں شہر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی تیز رفتاری سے ہوئی ہے۔ اس عرصے کے دوران شہر میں کئی ایلیویٹڈ سڑکیں، فلائی اوور اور انڈر پاسز بنائے گئے۔ اس نئے فلائی اوور سے ارد گرد کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی، وزیر اعلیٰ کے مطابق اس فلائی اوور کے کھلنے سے تقریباً تین لاکھ لوگوں کو راحت ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی فلائی اوور، چھ لین لمبا اور 1.12 کلومیٹر طویل، ای ایس آئی میٹرو اسٹیشن اور کلب روڈ کے درمیان ہے اور یہ ایک بڑے کوریڈور کی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ کوریڈور کے ایک حصے کا افتتاح سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مارچ 2024 میں کیا تھا۔ سڑک کا یہ حصہ روہتک روڈ (این ایچ-10) سے جوڑتا ہے، جہاں سے ہریانہ کا ٹریفک گزرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، ”ہر چند سال بعد، ایک بین الاقوامی سروے دنیا کی سب سے زیادہ گنجان سڑکوں کی درجہ بندی کرتا ہے۔ 2014-15 میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے، دہلی دنیا بھر میں چوتھا سب سے زیادہ بھیڑ بھاڑ والاشہر تھا۔ تاہم، ہماری حکومت کی طرف سے سڑکیں، فلائی اوور، انڈر پاسز اور ایلیویٹڈ کوریڈور بنانے اور سڑکوں کے ڈیزائن کو بہتر بنانے جیسے کاموں کی وجہ سے، دہلی اس وقت 44ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹریفک جام میں کمی آئی ہے، جس سے مسافروں کے لیے آسانی پیدا ہو گئی ہے۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد