کانپور، 15 جنوری (ہ س)۔ گھاٹم پور تھانہ علاقہ میں بدھ کو گھنے دھند کی وجہ سے دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ پہلے واقعہ میں بھوگنی پور چودگرہ روڈ پر نویڑی موڑ کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر بھٹہ مزدور کی موت ہو گئی۔ جبکہ مغل روڈ پر دوسرے واقعہ میں ڈی سی ایم کی ٹکر سے زخمی ہونے والا موٹر سائیکل سوار دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے دونوں کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر تفتیش شروع کردی ہے۔
گھنی دھند کی وجہ سے ان دنوں سڑک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی سلسلے میں بدھ کو گھاٹم پور علاقے میں مختلف مقامات پر سڑک حادثات میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ پہلا واقعہ گھاٹم پور تھانہ علاقہ میں بھوگنی پور چودگرہ روڈ پر نویڑی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ایک راہگیر کو ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئی۔ متوفی کی شناخت 38 سالہ جھنڈو کے طور پر ہوئی ہے جو ہمیر پور ضلع کے سیسولر کا رہنے والا ہے۔ متوفی اینٹوں کے بھٹے پر مزدوری کرتا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچے گھاٹم پور پولیس اسٹیشن انچارج دھننجے پانڈے نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ گھر والوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ مغل روڈ پر گینڈا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ جہاں ڈی سی ایم کی ٹکر سے ایک بائک سوار شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت انل یادو کے طور پر کی گئی ہے جو کہ بارہ تھانہ علاقہ کا رہنے والا ہے۔ پولیس کے مطابق انیل اپنے گھر سے گھاٹم پور کی طرف جا رہا تھا کہ ڈی سی ایم کی زد میں آکر اس کی موت ہو گئی۔ فی الحال پولس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے پنچنامہ کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی