علی گڑھ, 15 جنوری (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں نئے داخل ہونے والے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے منعقدہ پندرہ روزہ اورینٹیشن پروگرام تکمیل کو پہنچا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر رفیع الدین، ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر تھے۔
پروفیسر رفیع الدین نے ایسے پروگراموں کی تعریف کی اور طلبہ سے وسائل سے فائدہ اٹھانے اور کسی پریشانی کی صورت میں ڈی ایس ڈبلیو دفتر سے رجوع کرنے کی اپیل کی۔
مہمان اعزازی پروفیسر شگفتہ علیم، سابق ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے اورینٹیشن پروگراموں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
قبل ازیں مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن پروفیسر عبید اللہ خان نے بتایا کہ پروگرام کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ریسورس پرسنز کی طرف سے 31 لیکچرز دیے گئے جن میں شخصیت کی نشوونما، کمیونیکیشن اسکلز، رویہ، ضابطہ اخلاق، کیمپس کا طرز عمل، ای لرننگ وسائل، سافٹ اسکلز، اے آئی جیسے موضوعات شامل تھے۔
پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے ٹیلنٹ شو کوئز، مسابقتی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
پروفیسر بی ڈی خان، پرنسپل، اجمل خان طبیہ کالج نے یونیورسٹی اور فیکلٹی کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر آسیہ سلطانہ نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شمولیت اور مساوات کو فروغ دینے کے موضوع پر گفتگو کی۔
پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عطاء اللہ فہد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ ڈاکٹر عبدالعزیز خان نے پروگرام کی نظامت کی جب کہ ڈاکٹر عزیز الرحمن نے شکریہ ادا کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ