نئی دہلی، 15 جنوری (ہ س)۔ انگلینڈ کے دورہ بھارت سے قبل انگلش تیز گیند باز ثاقب محمود ویزے میں تاخیر کی وجہ سے ابوظہبی میں اپنی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے محروم رہ جائیں گے۔ثاقب کو انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی20 دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر امید ہے کہ 22 جنوری کو سیریز کے اپنے پہلے ٹی20 میچ کے لیے پوری ٹیم کے کولکاتا جانے سے پہلے ویزا کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ پاکستانی نژاد انگلش کھلاڑیوں کے لیے ویزا میں تاخیر ایک جانا پہچانا مسئلہ ہے۔
اس سے قبل 2024 میں انگلینڈ کے اسپنر شعیب بشیر کو ویزا ملنے میں تاخیر کی وجہ سے حیدرآباد میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا گیا تھا۔ای سی بی نے دسمبر 2024 میں ہندوستان کے سفید گیند کے دورے کے لیےٹیم کا اعلان کیا، جس میں تین ون ڈے، پانچ ٹی 20 اور آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 شامل ہیں۔
پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کا آغاز 22 جنوری کو ایڈن گارڈنز، کولکاتا میں ہوگا۔ دوسرا میچ 25 جنوری کو ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم چنئی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ 28 جنوری کو راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ چوتھا اور پانچواں میچ بالترتیب 31 جنوری اور 2 فروری کو پونے کے مہاراشٹر کرکٹ اسٹیڈیم اور ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز کا آغاز 6 فروری سے ناگپور کے وی سی اے اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دوسرا ون ڈے 9 فروری کو کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل میچ 12 فروری کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم درج ذیل ہے۔
ون ڈے ٹیم : جوز بٹلر (کپتان)، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، جو روٹ، ثاقب محمود، فل سالٹ، مارک ووڈ .
ٹی 20 اسکواڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ریحان احمد، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارسی، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، ثاقب محمود، فل سالٹ، مارک ووڈ ۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد