علی گڑھ, 15 جنوری (ہ س) سینٹر آف کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (سی سی اے ای ای) نے اسمارٹ سیبی پروگرام کے تحت نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے سرمایہ کار بیداری پروگرام کے تحت مالی خواندگی پر ایک لیکچر کا اہتمام کیا۔
لیکچر دیتے ہوئے سیبی کے نمائندے جناب عقیل الرحمان نے مالیاتی خواندگی کے مختلف پہلوؤں بشمول میوچل فنڈز، سوورین گولڈ بانڈز، ذاتی مالیاتی بندوبست، بجٹ اور سرمایہ کاری کا احاطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی خواندگی رقوم کے معقول بندوبست کے طریقے سکھاتی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہاکہ میوچل فنڈز، مختصر مدتی قرض، بجٹ کی منصوبہ بندی وغیرہ کو سمجھیں اور سرمایہ کاری سے پہلے مالیاتی خواندگی کی بنیادی باتوں سے واقفیت حاصل کریں۔
سنٹر کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر شمیم اختر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ روزانہ کے اخراجات کی ڈائری بنائیں اور وقتاً فوقتاً مجموعی اخراجات کا تجزیہ کریں۔ انہوں نے اظہار تشکر بھی کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ