ہندوستانی خواتین ٹیم نے تاریخ رقم کی، ون ڈے کرکٹ میں قائم کیا اپنا سب سے بڑا اسکور
راجکوٹ، 15 جنوری (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میں تاریخ رقم کردی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلی بار ون ڈے کرکٹ میں 400 رنوں کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین ٹ
ہندوستانی خواتین ٹیم نے تاریخ رقم کی، ون ڈے کرکٹ میں قائم کیا اپنا سب سے بڑا اسکور


راجکوٹ، 15 جنوری (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میں تاریخ رقم کردی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلی بار ون ڈے کرکٹ میں 400 رنوں کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین ٹیم نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 435 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ یہ ون ڈے میں ہندوستانی خواتین ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ مجموعی طور پر یہ خواتین کے ون ڈے میں چوتھا سب سے بڑا اسکور ہے۔ خواتین کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ سال 2018 میں آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 491 رنز بنائے تھے۔

12 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم نے 370 رنز بنائے جو ایک ون ڈے میں ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا لیکن ٹیم نے تیسرے میچ میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کو اس تاریخی اسکور تک لے جانے میں اوپنرز اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول نے اہم کردار ادا کیا۔ جہاں پرتیکا نے 129 گیندوں میں 154 رنز بنائے، وہیں مندھانا نے صرف 80 گیندوں میں 135 رنز بنائے۔

مندھانا، جو آئرلینڈ کے خلاف اس سیریز میں ہرمن پریت کور کی جگہ کپتانی کر رہی ہیں، نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا انتخاب کیا۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے اوپنرز پرتیکا راول اور کپتان اسمرتی مندھانا سے مضبوط شروعات کی۔ دونوں نے جارحانہ بلے بازی کی اور ٹیم کا سکور صرف 20 اووروں میں 150 سے آگے لے گئے۔ اس کے بعد مندھانا نے ون ڈے میں اپنی 10ویں سنچری بنائی۔ مندھانا نے صرف 70 گیندوں میں سنچری بنائی جو کہ ہندوستان کے لیے خواتین کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کی تیز ترین سنچری ہے۔ مندھانا نے اس معاملے میں ہرمن پریت کور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گزشتہ سال انہوں نے جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کے خلاف 87 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ مندھانا 80 گیندوں میں 12 چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 135 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ مندھانا اور پرتیکا کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 233 رنز کی شراکت ہوئی۔

مندھانا کے بعد پرتیکا نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنائی۔ انہیں وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے سپورٹ کیا۔ رچا نے 42 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز 59 رنز بنائے۔ رچا کے بعد ہندوستانی ٹیم کی تیسری وکٹ پرتیکا کی صورت میں گری۔ انہوں نے 129 گیندوں پر 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 154 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ تیجل ہس بنس نے 28 اور ہرلین دیول نے 15 رنز بنائے۔ دیپتی شرما 11 اور جمائما روڈریگز چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم نے پانچ وکٹ پر 435 رن بنائے۔

آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ نے دو جبکہ آرلین کیلی، فرییا سارجنٹ اور جارجینا ڈیمپسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-2 سے آگے ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande