ایشین چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ہاکی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی
ہولن بوئر(چین)، 07 ستمبر ( ہ س)۔ پیرس اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم ہیرو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 میں اپنی مہم شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ موجودہ چمپئن ہندوستانی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے مضبوط دعویدار کے طور پ
ایشین چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ہاکی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی


ہولن بوئر(چین)، 07 ستمبر ( ہ س)۔

پیرس اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم ہیرو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 میں اپنی مہم شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ موجودہ چمپئن ہندوستانی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے مضبوط دعویدار کے طور پر میدان میں اترے گی۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ میزبان چین، جاپان، پاکستان، کوریا اور ملائیشیا جیسی ٹیمیں ہیں۔ یہ باوقار ٹورنامنٹ اتوار 8 ستمبر سے چین کے شہر ہولن بئیر میں منعقد ہوگا۔ پچھلے سال، ہندوستان نے گھریلو سرزمین پر ٹائٹل جیتا تھا، جس سے وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں چار ٹائٹل جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی تھی۔ ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اس سال بھی چمپئن شپ میں ہندوستان کا دبدبہ برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔

ہفتہ کو ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری ایک بیان میں ہرمن پریت سنگھ نے کہا کہ گزشتہ سال ایشین چیمپئنز ٹرافی نے ہمیں ایشین گیمز میں جانے کی صحیح رفتار دی۔ اس کے بعد اولمپک کھیلوں میں دوبارہ پوڈیم پر کھڑے ہونے کی فتح ہوئی۔ اس بار بھی ہم یہ ٹورنامنٹ جیت کر ایک نیا اولمپک سائیکل شروع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک ٹیم کے دس ارکان اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں۔ ہماری ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے نقطہ نظر سے ہمارے حملے اور پنالٹی کارنر ہماری طاقت ہیں۔ لیکن ہم خاص طور پر جاپان، ملائیشیا اور پاکستان جیسی ٹیموں کے خلاف منظم دفاع کی کوشش کریں گے۔ عالمی رینکنگ پوائنٹس کے لحاظ سے یہ ہمارے لیے ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں۔

ہندوستانی ٹیم اتوار کو میزبان چین کے خلاف پہلے میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد وہ دوسرا میچ 9 ستمبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ 11 ستمبر کو گزشتہ سال کے رنر اپ ملائیشیا اور 12 ستمبر کو جنوبی کوریا سے ہوگا۔ ایک روزہ وقفے کے بعد بھارت کا مقابلہ 14 ستمبر کو پاکستان سے ہوگا۔ سیمی فائنل اور فائنل میچز بالترتیب 16 اور 17 ستمبر کو ہوں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande