فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں آٹھ نئے شعبہ جات کے لیے وظیفہ کی منظوری
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں آٹھ نئے شعبہ جات کے لیے وظیفہ کی منظوری علی گڑھ،7 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں آٹھ مزید شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے وظیفے کی منظوری دی ہے
اجمل خان طبیہ کالج کے اساتذہ وائس چانسلر سے ملتے ہوئے


فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں آٹھ نئے شعبہ جات کے لیے وظیفہ کی منظوری

علی گڑھ،7 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں آٹھ مزید شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے وظیفے کی منظوری دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ 1986میں فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں تین شعبوں کے لئے وظیفہ شروع کیا گیا تھا، اب تقریباً 35 برس بعد یہ اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جن شعبوں کے لئے وظائف منظور کئے گئے ہیں ان میں جراحت، تحفظی و سماجی طب، امراض نسواں و اطفال، تشریح و منافع الاعضاء، علاج بالتدبیر، امراض جلد و زہراویہ، علم الصیدلہ اور علم الامراض شامل ہیں۔

اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وظیفے سے نہ صرف طلباء کو مالی طور پر فائدہ پہنچے گا بلکہ فیکلٹی کا تعلیمی معیار بھی بلند ہوگا اور طلباء اپنی تعلیم و تحقیق پر بھرپور توجہ دے سکیں گے۔ اس سے ہمارے داخلے کا معیاربھی بلند ہوگا۔

پروفیسربدرالدجیٰ خان، پروفیسر ایف ایس شیرانی، ڈاکٹر محمد محسن، ڈاکٹر محمد انس، ڈاکٹر عرشی ریاض، ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر شمشاد عالم اور ڈاکٹر نوال الرحمان پر مشتمل ایک وفد نے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس، اور فنانس آفیسر پروفیسرمحسن خان سے ملاقات کرکے ان کے بھرپور تعاون کے لئے اظہار تشکر کیا۔ اس پیش رفت سے 100 سال پرانی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے معیار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande