نئی دہلی، یکم اگست ( ہ س)۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی نے سابق بھارتی کرکٹر انشومن گائیکواڈ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، جن کا 71 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
گائیکواڑ طویل عرصے سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھے۔ وہ پچھلے مہینے تک لندن میں تھے اور بڑودہ میں انتقال کر گئے۔ بی سی سی آئی کی طرف سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں، راجر بنی نے کہا کہ انشومن گائیکواڈ کی کرکٹ کے لیے 'لگن، نرمی اور محبت' بے مثال ہے۔
راجر بنی نے کہا، ”انشومن گائیکواڈ کا انتقال ہندوستانی کرکٹ کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کی لگن، ثابت قدمی اور کھیل کے لیے محبت بے مثال تھی۔ وہ صرف ایک کرکٹر ہی نہیں تھے، بلکہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک سرپرست اور دوست تھے۔ کرکٹ کمیونٹی اور ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میری ہمدردی اور دعائیں ان کے خاندان اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں،جو اس صدمے کو برداشت کر رہے ہیں۔
بی سی سی آئی نے ان کے علاج کے ل ئے ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا اور 1983 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم نے بھی گائیکواڑ کے علاج میں مدد کی۔
اکتوبر 1997 میں تقرری کے بعد گائیکواڑ نے دو بار ہندوستان کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کا دوسرا دور 2000 میں شروع ہوا۔ یہ ان کے دور میں تھا جب ہندوستان کے مشہور اسپنر انل کمبلے نے 1999 میں پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں تمام دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔ گائیکواڈ نے 1975 سے 1987 تک 40 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی بھی کی۔
گائیکواڈنے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو دسمبر 1974 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 1,985 رن بنائے، ان کا سب سے زیادہ اسکور روایتی حریف پاکستان کے خلاف 201 تھا۔ گائیکواڈ نے 22 سال پر محیط کیریئر میں 205 فرسٹ کلاس میچ کھیلے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد