سنجے مانجریکر نے میلبورن ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے انتخاب پر تنقید کی، کہا-گِل کو باہر کرنا سخت قدم
نئی دہلی، 26 دسمبر (ہ س)۔ سابق کرکٹر سنجے مانجریکر نے جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کے انتخاب پر تنقید کی اور کہا کہ بلے باز شبھمن گِل کو پلیئنگ الیون سے باہر کرنا غلط اور سخت فیصلہ تھا۔
ٹاس کے وقت ہندوستانی کپتان روہت شرما نے تصدیق کی کہ شبھمن گِل باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے باہر رہیں گے اور واشنگٹن سندر نے پلیئنگ الیون میں جگہ بنائی ہے۔ کپتان نے یہ بھی کہا کہ وہ ٹاپ آرڈر میں بلے بازی کریں گے۔
آسٹریلیا نے جمعرات کو میلبورن کرکٹ گراونڈ میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔
اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر مانجریکر نے کہا کہ ایم سی جی میں ٹیم انڈیا کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب ’’عجیب‘‘ تھا۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ گل کو ڈراپ کرنے اور واشنگٹن سندر کو شامل کرنے کے فیصلے سے نہ تو گیندبازی مضبوط ہوئی اور نہ ہی بلے بازی۔
انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’پلیئنگ الیون کا انتخاب عجیب ہے۔ نان ٹرننگ پچ پر کی گئی تبدیلیوں سے نہ توگیندبازی مضبوط ہوئی اور نہ ہی بلے بازی۔ گل کو باہر کرنا سخت ہے۔‘‘
دریں اثنا آسٹریلیا کے پلیئنگ الیون میں ان کیپڈ انڈر 19 بیٹنگ سنسیشن سیم کونسٹاس شامل تھے، جنہوں نے عثمان خواجہ کے ساتھ اوپننگ کی۔
دونوں ٹیمیں درج ذیل ہیں-
آسٹریلیا پلیئنگ الیون: عثمان خواجہ، سیم کونسٹاس، مارنس لیبوشین، اسٹیون اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز (کپتان)، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، اسکاٹ بولانڈ۔
انڈیا پلیئنگ الیون: یشسوی جیسوال، روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجہ، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، آکاش دیپ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن