جموں, 26 دسمبر (ہ س)۔
مرکزی حکومت نے کوئلہ بیئرنگ ایریاز ایکٹ 1957 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے تاکہ اس قانون کا اطلاق جموں و کشمیر پر بھی ممکن ہو سکے۔ترمیمی بل کے مسودے کے مطابق سوائے ریاست جموں و کشمیر کے، کے الفاظ کو حذف کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کوئلہ بیئرنگ ایریاز (حصول و ترقی) ترمیمی بل 2024 کے ذریعے اس قانون کو جموں و کشمیر تک وسعت دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جو اب تک اس سے مستثنیٰ تھا۔
مرکزی وزارت کوئلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے عوام اور حکومتوں سے تجاویز اور آراء طلب کی ہیں۔ اس ضمن میں جموں و کشمیر کے محکمہ قانون، انصاف، اور پارلیمانی امور نے محکمہ کان کنی کے کمشنر سکریٹری سے کہا ہے کہ وہ اپنی تجاویز براہ راست مرکزی وزارت کوئلہ کو پیش کریں۔جموں و کشمیر کے محکمہ ارضیات و کان کنی کے مطابق، اس خطے میں کوئلے کے مجموعی ذخائر کا تخمینہ 9.5 ملین ٹن ہے۔ اہم کوئلہ ذخائر کالاکوٹ، جنگل گلی، میٹکا، لڈھا، چنکا، دھنسال، سوالکوٹ، چکر، ڈنڈیل، موہوگالا، سانگر مرگ، اور کورا میں موجود ہیں۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا کے مطابق، کالاکوٹ کی کوئلہ کانوں میں تقریباً 5.4 ملین ٹن قابل استعمال ذخائر موجود ہیں، جو 300 میٹر کی گہرائی تک پائے جاتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر