نئی دہلی، 21 دسمبر (ہ س)۔
مرکزی مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کے وزیر جیتن رام مانجھی نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی سخت مذمت کی اور اس کے لیے اپوزیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بابا صاحب کی سب سے زیادہ عزت صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہوئی ہے۔
ہفتہ کو نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی وجہ سے پارلیمنٹ میں جس طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا وہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ دو ممبران پارلیمنٹ کو اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان کو عوام میں غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر کی اتنی عزت کبھی نہیں کی گئی جس قدر موجودہ حکومت نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھلے ہی اپوزیشن کو مرکزی وزیر داخلہ کی بات سمجھ نہ آئی ہو لیکن ملک کے لوگ اسے اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو ریزرویشن مخالف بتاتے ہوئے مانجھی نے کہا کہ اگر آئین ساز اسمبلی میں ان کی طرف سے کی گئی ریزرویشن مخالف باتوں پر عمل ہوتا تو آج ملک کا کوئی بھی پسماندہ یا غریب آدمی آگے نہیں بڑھ پاتا۔ آگے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ جو لوگ آئین بنانے والوں کے پلے کارڈ اٹھائے گھوم رہے ہیں اور آئین کو خطرہ کی بات کر رہے ہیں، ان کے دور میں ہی آئین سب سے زیادہ خطرے میں تھا۔ انہوں نے آئین کے خالق کی سب سے زیادہ توہین کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بابا صاحب کا سب سے زیادہ احترام کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ