نئی دہلی، 21 دسمبر (ہ س)۔ کانگریس پارٹی نے امبیڈکر کے معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی اگلے ہفتے کو امبیڈکر سمآن ہفتہ کے طور پر منائے گی۔ کانگریس پارٹی کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ ہم مانوسمرتی کے پوجا کرنے والوں کے خلاف بابا صاحب امبیڈکر کی وراثت کی حفاظت کے لیے لڑیں گے۔ کانگریس پارٹی آنے والے ہفتہ کو ڈاکٹر امبیڈکر سمان ہفتے کے طور پر منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ، سینئر لیڈران اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان 22 اور23 دسمبر کو ملک بھر میں اپنے اپنے حلقوں اور آبائی اضلاع میں پریس کانفرنس کریں گے۔ 24 دسمبر کو ہم ملک بھر میں بابا صاحب امبیڈکر سمان مارچ نکالیں گے اور ضلع کلکٹر کے ذریعے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم پیش کریں گے جس میں امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کانگریس کے تمام کارکنان بابا صاحب کے مجسمہ پر پھول چڑھائیں گے اور مارچ نکالیں گے۔ مارچ کے دوران، وہ بابا صاحب امبیڈکر کی ایک بہت بڑی تصویر رکھیں گے اور اپنے اہم مطالبات کے ساتھ بڑے پلے کارڈز اٹھائیں گے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری وینوگوپال نے کہا کہ 26 اور27 دسمبر کو ہم بیلگاوی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ایک توسیعی اجلاس اور ایک میگا ریلی کا اہتمام کریں گے، جہاں ہم ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے نظریات کے تئیں اپنی وابستگی کا اعادہ کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں آئین کے 75 سال کے سنہرے سفر پر بحث کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نےکہا تھا کہ کانگریس اور اپوزیشن جتنا امبیڈکر کا نام لیتے اتنا بھگوان کا نام لیتے تو سات جنم تک جنت میں جاتے۔ اس کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے اسے بابا صاحب کی توہین قرار دیا۔ کانگریس اس معاملے پر حکمراں بی جے پی اور امت شاہ پر حملہ آور ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالواحد