حیدرآباد, 29 نومبر (ہ س)۔ تلنگانہ کے 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر اور 265 پوسٹ آفس آدھار انرولمنٹ سنٹرس میں عوام کیلئے مختلف خدمات میں توسیع کے سلسلہ میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد سرکل ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈاک سدن حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس میں شریمتی سمیتا ایودھیا پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ریجن ، شریمتی این آر وسالاچی پوسٹ ماسٹر جنرل ہیڈ کوارٹرس ریجن ، شریمتی جے سنیہجا ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد اور آر وی این سرینواس ڈائرکٹر یو آئی ڈی اے آئی نے شرکت کی ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد نے ریاست کے 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر میں اپائنٹمـنٹ سلاٹس کی تعداد میں اضافہ سے اتفاق کیا تاکہ عوام کے لئے ویٹنگ کے وقت کو کم کیاجائے ۔ انہوں نے پاسپورٹ سے متعلق دیہی علاقوں میں بڑھتی مانگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپائنٹـمنٹ سلاٹس کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ۔ پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر میں ضروری سہولتوں میں اضافہ سے بھی اتفاق کیا گیا تاکہ عوام کو ڈسپلے بورڈ کے ذریعہ پاسپورٹ خدمات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے۔ آدھار کارڈ کے مسئلہ پر یو آئی ڈی اے آئی کے عہدیداروں نے 265 پوسٹ آفس آدھار انرولمنٹ سنٹرس میں خدمات کو توسیع دینے سے اتفاق کیا۔ عہدیداروں نے آدھار خدمات پر ماہر افراد کو متعین کرنے کے علاوہ پانچ سال عمر تک کے بچوں کے انرولمنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 5 سے 7 سال عمر کے بچوں کیلئے بائیو میٹرک سہولت اور 15 سے 17 سال عمر کے بچوں کیلئے بائیو میٹرک اپ ڈیٹ کی خدمات فراہم کرنے سے اتفاق کیاگیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق