جونیئر ایشیا کپ: ہندوستان نے جنوبی کوریا کو 3-7 سے ہرایا، سیمی فائنل کے قریب پہنچا
موکی، چین، 08 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے منگل کے روز جنوبی کوریا کو 3-7 سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان پول-اے میں سات پوائنٹس کے ساتھ س
ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ کا منظر، فوٹو: ایشین ہاکی فیڈریشن


موکی، چین، 08 ستمبر (ہ س)۔

ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے منگل کے روز جنوبی کوریا کو 3-7 سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان پول-اے میں سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے انتہائی قریب پہنچ گیا ہے۔

موجودہ چیمپیئن ہندوستان نے تین مقابلوں میں دو جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ سات پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ جنوبی کوریا کے خلاف مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی تین کوارٹرز میں سخت چیلنج کا سامنا رہا، لیکن تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں برتری حاصل کرنے کے بعد آخری کوارٹر میں تین گول داغ کر مقابلے کا رخ پوری طرح اپنی جانب موڑ لیا۔ ہندوستان کے کپتان اور اسٹار ڈریگ فلکر انمول ایکا ایک بار پھر ٹیم کے سب سے موثر کھلاڑی ثابت ہوئے۔ انہوں نے دو گول کیے اور ٹورنامنٹ میں اپنے گولوں کی تعداد آٹھ تک پہنچا دی۔

ہندوستان نے پانچویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر انمول کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ تاہم، جنوبی کوریا نے اگلے ہی منٹ میں دوہیون چوئی کے پنالٹی کارنر پر کیے گئے گول سے اسکور 1-1 برابر کر دیا۔ دوسرے کوارٹر میں لوینور سنگھ نے 18ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے ہندوستان کو دوبارہ سبقت دلائی، لیکن ہیوگوک یو نے اگلے ہی منٹ پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر جنوبی کوریا کو 2-2 کی برابری دلا دی۔ ہندوستان نے اگرچہ ہاف ٹائم سے پہلے پھر برتری حاصل کر لی۔ اجیت یادو نے 20ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کا اسکور 2-3 کر دیا۔

جنوبی کوریا نے تیسرے کوارٹر میں بھی دباو برقرار رکھا اور ہیوگوک یو نے 36ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کر کے اسکور 3-3 کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستان نے 42ویں منٹ میں پربھدیپ سنگھ کے گول سے دوبارہ برتری حاصل کی اور تیسرے کوارٹر کے اختتام پر اسکور 3-4 کر دیا۔

آخری کوارٹر کے ابتدائی مرحلے میں دونوں ٹیموں نے پے در پے حملے کیے، لیکن ہندوستان نے 55ویں سے 58ویں منٹ کے درمیان تین گول داغ کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ گرسیوک سنگھ نے 55ویں منٹ میں گول کر کے برتری 3-5 کر دی۔ اس کے ایک منٹ بعد انمول ایکا نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کو 3-6 سے آگے کر دیا۔ آرین ایکسس نے 58ویں منٹ میں ساتواں گول کر کے ہندوستان کی 3-7 سے شاندار فتح یقینی بنا دی۔

اس شکست کے بعد جنوبی کوریا کے چھ پوائنٹس ہیں۔ پول-اے میں اس کا آخری مقابلہ جاپان سے ہوگا۔ جاپان چار پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے اور منگل کے روز انڈونیشیا کے مدمقابل ہوگا۔ ہندوستان بدھ کے روز اپنے آخری پول میچ میں چینی تائپے کا سامنا کرے گا۔ ہندوستانی ٹیم کی نگاہیں اب جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے پر مرکوز ہوں گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande