
بنگلور، 8 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ بیلجیئم اور نیدرلینڈز 2026 میں تاریخی پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد منگل کو جاپان کے لیے روانہ ہوئی۔ ٹیم کا مقصد ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 میں طلائی تمغہ جیت کر لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے۔ ٹیم کی کپتانی سلیمہ ٹیٹے کررہی ہیں، جبکہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سوئرڈ ماریجنے سنبھال رہے ہیں۔
ماریجنے کی واپسی کے بعد ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے فٹنس، ٹیم کی ہم آہنگی اور مضبوط اجتماعی شناخت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ان کی رہنمائی میں ہندوستان نے 2026 کا آغاز ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں چاندی کے تمغے کے ساتھ کیا۔ ٹیم فائنل تک ناقابل شکست رہی اور سیمی فائنل میں اٹلی کو0-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس کے بعد آکلینڈ میں ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی نیشنز کپ میں ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے پول مرحلے میں امریکہ، جاپان اور یوراگوئے کو شکست دی۔ سیمی فائنل میں چلی کو 0-6 سے شکست دینے کے بعد، انہوں نے فائنل میں میزبان نیوزی لینڈ کو 0-2 سے شکست دے کر خطاب جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ، ہندوستان نے اگلے سیزن کی ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی پرو لیگ میں بھی ترقی حاصل کر لی۔
ورلڈ کپ میں بھی ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پانچویں نمبر پر رہی، جو 1974 میں پہلے ورلڈ کپ کے بعد ان کی بہترین کارکردگی تھی۔ ہندوستان کو پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 1-6 سے شکست دیتے ہوئے چین، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی اعلی درجے کی ٹیموں کے خلاف ڈرا کیا۔ ہندوستان نے عالمی نمبر پانچ جرمنی کے خلاف 1-3 سے جیت کے ساتھ ورلڈ کپ کا اختتام کیا۔
اب ہندوستانی ٹیم کی نظریں ایشین گیمز پر ہیں، جہاں داو¿ اور بھی بڑا ہے۔ ایف آئی ایچ کے لاس اینجلس 2028 اولمپک کوالیفکیشن ریگولیشنز کے مطابق، خواتین کے ہاکی مقابلے میں سب سے زیادہ پوزیشن حاصل کرنے والی اہل ٹیم کو اولمپک کوٹہ حاصل ہوگا، جب تک کہ وہ پہلے ہی کسی اور طریقے سے کوالیفائی نہ کر چکی ہو۔ ایسی صورت حال میں ہندوستان کے لیے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنا براہ راست اولمپک ٹکٹ حاصل کرنے کا راستہ ہوگا۔
بھارت کو پول بی میں جاپان، تھائی لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 20 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد 21 ستمبر کو انڈونیشیا، 23 ستمبر کو تھائی لینڈ، 25 ستمبر کو جاپان اور 27 ستمبر کو سنگاپور کے خلاف میچ ہوں گے۔ ناک آو¿ٹ مرحلہ 30 ستمبر کو شروع ہوگا اور سیمی فائنل بھی اسی دن کھیلے جائیں گے۔ گولڈ میڈل کا میچ 2 اکتوبر کو ہوگا۔
کپتان سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ ٹیم اپنی حالیہ کامیابیوں سے پراعتماد ہے لیکن اسے ایشین گیمز کے ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ہم ایشین گیمز میں بہت اعتماد کے ساتھ جا رہے ہیں، لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہر ٹورنامنٹ ایک نیا چیلنج لاتا ہے۔ نیشنز کپ اور ورلڈ کپ نے ہمیں یہ یقین دلایا ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کیا حاصل کر سکتے ہیں اور اب ہماری توجہ اس سے ایک قدم آگے بڑھنے پر ہے۔ ہمارا مقصد بہت واضح ہے-ہم اپنی پوری طاقت کے ساتھ گولڈ میڈل کے لیے لڑنا چاہتے ہیں اور براہ راست لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ اس کے لیے مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی دینے کی ضرورت ہوگی اور ایک ٹیم کے طور پر ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
ایشین گیمز کے لیے 20 رکنی ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان صلاحیتوں کا اچھا امتزاج ہے۔ ٹیم میں دو گول کیپر سویتا اور بیچو دیوی کھاریبام، پانچ ڈیفینڈر ایشکا چودھری، سشیلا چانو پکھرمبام، لالتھانتلوانگی، جیوتی اور شلپی ڈباس شامل ہیں۔
مڈفیلڈ میں نکی پردھان، ساکشی رانا، سنیلتا ٹوپو، کپتان سلیمہ ٹیٹے، نیہا اور دیپیکا سورنگ شامل ہیں۔ اگلی صف میں لال ریمسیامی، روتوجا داداسو پیسل، نونیت کور، دیپیکا، ایشکا، بلجیت کور اور بیوٹی ڈنگ ڈنگ شامل ہیں۔
نیشنز کپ خطاب اور پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے میں ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کے بعد، ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے پاس ایشین گیمز میں ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دینے کا سنہرا موقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی