
بالاگھاٹ/بھوپال، 8 ستمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے گوندیا دیہی تھانہ علاقے میں گوندیا-بالاگھاٹ روڈ پر ناگرا گاوں کے قریب پیر کی درمیانی رات مزدوروں سے بھری بولیرو کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں 6 افراد کی موت ہو گئی۔ ان میں ایک تین سالہ معصوم بچی بھی شامل ہے۔ اس حادثے میں سات مزدور شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں گوندیا کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تمام متوفیان اور زخمی بالاگھاٹ کے رہنے والے ہیں۔
ضلع بالاگھاٹ کے کرنا پور علاقے کے موضع کنہی، لودھاما، پپل گاوں اور پلہیرا کے باشندے مزدوری کے لیے بولیرو گاڑی کے ذریعے حیدرآباد جا رہے تھے۔ اسی دوران پیر کی رات تقریباً 12 سے ایک بجے کے درمیان مہاراشٹر کے گوندیا دیہی تھانہ علاقے کے ناگرا میں یہ حادثہ پیش آیا۔ مزدوروں سے بھری بولیرو گاڑی کو سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بولیرو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے امدادی و بچاو مہم شروع کی۔ ٹرک کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا اور بولیرو میں پھنسے لوگوں کو باہر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ بولیرو میں ڈرائیور کے علاوہ کل 13 افراد سوار تھے، جن میں سے پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے، جبکہ ایک بچی بعد میں دم توڑ گئی۔
گوندیا دیہی تھانہ انچارج ویبھو پنوار نے بتایا کہ دونوں گاڑیوں کی آمنے سامنے کی ٹکر کے بعد ٹرک بے قابو ہو کر پلٹ گیا۔ اس حادثے میں چھ افراد کی موت ہوئی ہے، جبکہ بولیرو ڈرائیور سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں گوندیا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفیان کی شناخت سنتوش (38) ولد تلک چند ماترے، سشیلا (35) زوجہ سنتوش ماترے، روپ سین (35) ولد تیز لال ستیکر، جیوتی (32) زوجہ روپ سین ستیکر، کرن (26) زوجہ سنتوش ویدیہ اور آروش ماترے (3 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے متوفیان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
تھانہ انچارج پنوار کے مطابق، حادثے میں راکیش (24) ولد راج کمار باہے، سنتوش (35) ولد چیت رام ویدیہ، سنگیتا (35) زوجہ بھومیشور ماترے، بھومیشور (37) ولد دولی چند ماترے، راجیندر (45) ولد شیو چرن پانچالے، لکشمی (42) زوجہ راجیندر پانچالے اور گاڑی کے ڈرائیور سندیپ ولد روپ لال باہے زخمی ہوئے ہیں، جن کا گوندیا کے اسپتال میں علاج جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن