
نئی دہلی، 6 ستمبر (ہ س)۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف رہنما راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں طلبہ کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر اترے ہزاروں طلبہ کی پریشانی محض کسی ایک امتحان یا بھرتی سے وابستہ نہیں ہے، بلکہ یہ پورے نظام سے ٹوٹ چکے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کا ہر مطالبہ ان کے کامیاب مستقبل کے لیے جائز ہے اور حکومت کو ان کی آواز سن کر فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
راہل گاندھی نے ایکس پر کہا کہ مہاراشٹر میں ہزاروں طلبہ پرامن طریقے سے تحریک چلا رہے ہیں۔ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت سے طلبہ پریشان ہیں۔ پرچہ افشا (پیپر لیک)، رکی ہوئی بھرتیاں، تعلیم کے بڑھتے اخراجات، ہاسٹلز میں غیر انسانی حالات، خراب کھانا اور ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر میں مبینہ دھاندلی جیسے مسائل سے طلبہ نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن جیسے آئینی ادارے کے وقار اور معتبریت کے حوالے سے کہا کہ اس ادارے پر قبضہ کر کے اس کے وقار کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
راہل نے حکومت سے طلبہ کے مطالبات پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ کی آواز نہ سنی گئی تو انصاف ملنے تک ان کی تحریک کی گونج مزید شدت اختیار کرتی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن