
پروفیسر لطیف ظفر جیلانی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کے چیئرمین مقرر
علی گڑھ، 05 ستمبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کے پروفیسر لطیف ظفر جیلانی کو 6 ستمبر 2026 سے تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر جیلانی ہڈیوں کی سرجری میں تدریس و تحقیق اور علاج کا تقریباًتین دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اگست 2019 سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اے ایم یو سے ایم بی بی ایس اور ایم ایس (آرتھوپیڈکس) کی اسناد حاصل کیں اور بعد ازاں رائل کالج آف سرجنز آف ایڈنبرا سے ایم آر سی ایس کی سند حاصل کی۔ وہ رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف گلاسگو کے رکن بھی ہیں۔
انھیں آئی او اے آئرلینڈ فارین فیلوشپ، ملیشیا کے لئے غازی آباد انٹرنیشنل فیلوشپ اور ایشیا پیسیفک آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن ہِپ سیکشن ٹریولنگ فیلوشپ مل چکی ہے۔ انہوں نے گلاسگو، برطانیہ کے گولڈن جوبلی نیشنل ہاسپٹل سے نچلے اعضا کی جوڑوں کی تبدیلی اور کمپیوٹر کی مدد سے ہڈیوں کے سرجیکل علاج میں کلینیکل فیلوشپ بھی مکمل کی۔ اس کے علاوہ مانچسٹر میں پاؤں، ٹخنے اور بچوں کے ہڈیوں کے سرجری میں خصوصی تربیت حاصل کی۔
پروفیسر جیلانی نے اے ایم یو میں متعدد علمی و انتظامی ذمہ داریاں انجام دی ہیں، جن میں یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے منتخب رکن، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں آیوشمان بھارت پی ایم جے اے وائی کے رابطہ کار ، اور بیچلر اِن فزیوتھراپی کورس کے چیف کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔ انہوں نے سڑک حادثات میں ہونے والی چوٹوں سے متعلق آئی سی ایم آر سے تعاون یافتہ ایک تحقیقی پروجیکٹ میں شریک محقق کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ