
ممبئی ، 5 ستمبر (ہ س): مہاراشٹر میں کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر دھی ہنڈی کا تہوار مناتے ہوئے ممبئی اور پونے میں 3 گوونداؤں کی موت ہو گئی، جبکہ 32 گوونداؤں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تمام زخمیوں کا مقامی اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تمام گوونداؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے دھی ہنڈی کا تہوار منائیں۔
ممبئی کے مالونی علاقے کے چیکو واڑی میں دھی ہانڈی کا جشن مناتے ہوئے 7 سالہ بچے رودر کدم کی موت ہو گئی۔ مالونی پولیس اسٹیشن کے ایک افسر کے مطابق چیکو واڑی کے ایکتا متر منڈل کے بچے خود دھی ہنڈی کا پروگرام منعقد کر رہے تھے۔ دھی ہنڈی کو لٹکانے والی رسی ایک درخت اور گراؤنڈ فلور پر بنے ڈھانچے کے اینٹوں کے ستون کے درمیان باندھی گئی تھی۔
ہفتہ کی دوپہر دھی ہنڈی کی رسی سے بندھا ہوا ڈھانچے کا اینٹوں کا ستون اچانک گر گیا۔ اس کی زد میں آکر 7 سالہ رودر کدم زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر مالونی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اسی طرح پونے ضلع کے پمپری میں دھی ہنڈی کا جشن مناتے ہوئے کمانی گرنے کے واقعے میں 45 سالہ سلمان کی موت ہو گئی۔ اس واقعے کی پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پمپری چنچوڑ کے سانگوی علاقے میں بھی دھی ہانڈی کے دوران ایک ڈول اچانک ایک خاتون کے اوپر گر گیا۔ اس حادثے میں خاتون زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کے بعد پمپری میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ دریں اثنا ممبئی میں گنیش اتسو کے ساتھ مختلف علاقوں میں دھی ہنڈی کا تہوار بھی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہر میں اب تک دھی ہنڈی کے دوران 32 گوونداؤں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ان میں سے 28 زخمیوں کا علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ 4 گوونداؤں کا علاج اب بھی جاری ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی گوونداؤں کے لیے تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے