
اے ایم یو کے پروفیسر نے این سی آئی ایس ایم کی ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینر کے طور پر خدمات انجام دیں
علی گڑھ، 5 ستمبر (ہ س)۔ اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے وزارتِ آیوش، حکومت ہند کے قومی کمیشن برائے ہندوستانی نظامِ طب (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے یونانی طبی تعلیم کے لیے قابلیت پر مبنی متحرک نصاب (سی بی ڈی سی) پر مبنی اساتذہ کی علاقائی تربیتی ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
‘‘اُتکرش’’ کے عنوان پر یہ علاقائی ورکشاپ ریاستی تکمیل الطب کالج واسپتال، لکھنؤ میں منعقد ہوئی، جس میں خطے کے مختلف یونانی طبی کالجوں کے اساتذہ نے شرکت کی۔ اجمل خاں طبیہ کالج کے اساتذہ بھی ورکشاپ میں شریک ہوئے۔ ڈاکٹر ڈار نے ‘‘اسسمنٹ کے عمدہ ترین طریق ہائے کار اور اصول’’ کے موضوع پر خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیا۔ انہوں نے روایتی امتحان پر مبنی اسسمنٹ نظام سے قابلیت پر مبنی، معروضی، منظم اور شواہد پر مبنی اسسمنٹ کے طریق ہائے کار کی جانب منتقلی پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے معروضی منظم طبی امتحان (او ایس سی ای)، معروضی منظم عملی امتحان (او ایس پی ای) ، عملی طبی مہارتوں کے براہِ راست مشاہدے (ڈی او پی ایس)، جانچ فہرستوں اور درجہ بندی کے پیمانوں جیسے تشخیصی طریقوں کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں کے بامعنی اسسمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی اہداف، مطلوبہ صلاحیتوں، تشخیصی طریقوں اور قابل مشاہدہ کارکردگی کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ تشخیصی اسسمنٹ فہرستوں اور درجہ بندی کے پیمانے تیار کرنے کی عملی مشق ، اس تربیتی پروگرام کا حصہ تھی، جس میں شرکاء نے قابلِ مشاہدہ کارکردگی کے معیار کی نشاندہی، مطلوبہ معیارات کے تعین اور منظم اسکورنگ کے طریقہ کار وضع کرتے ہوئے اسسمنٹ ٹولز تیار کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ