انسانی مائیکرو بایوم اور سرطان پر مبنی کتاب کی اے ایم یو میں رونمائی
انسانی مائیکرو بایوم اور سرطان پر مبنی کتاب کی اے ایم یو میں رونمائی علی گڑھ، 05 ستمبر (ہ س)۔ سرطان کی تشخیص اور علاج میں انسانی مائیکرو بایوم کے ابھرتے ہوئے کردار کا جائزہ لینے والی ایک کتاب ‘‘ہیومن مائیکروبایوم اینڈ دیئر اِمپلیکیشنس فار آنکولوجی
اجرا


انسانی مائیکرو بایوم اور سرطان پر مبنی کتاب کی اے ایم یو میں رونمائی

علی گڑھ، 05 ستمبر (ہ س)۔ سرطان کی تشخیص اور علاج میں انسانی مائیکرو بایوم کے ابھرتے ہوئے کردار کا جائزہ لینے والی ایک کتاب ‘‘ہیومن مائیکروبایوم اینڈ دیئر اِمپلیکیشنس فار آنکولوجیکل ڈائیگنوسس اینڈ ٹریٹمنٹ: اے ہینڈ بُک فار کلینیشیئنس اینڈریسرچرس’’ کا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اجراء کیا۔ یہ کتاب ایلزیویئر کے ذیلی اشاعتی ادارے اکیڈمک پریس نے شائع کی ہے۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ریڈئیشن آنکولوجی کے پروفیسر محمد اکرم نے اس کتاب کی تدوین کی ہے، جس کا پہلا ایڈیشن مئی 2026 میں شائع ہوا۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پروفیسر اکرم اور ادارتی ٹیم کو کتاب کی تدوین پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مائیکروبایولوجی، آنکولوجی، مولیکیولر بایولوجی اور کلینیکل میڈیسن کو باہم مربوط کرنے والی بین شعبہ جاتی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے مدیر، ادارتی ٹیم اور معاون مصنفین کی کاوشوں کو سراہا کہ انہوں نے مائیکرو بایوم کی تحقیق اور سرطان سے بچاؤ، تشخیص، علاج اور انفرادی نوعیت کے طبی علاج پر اس کے اثرات کے مختلف پہلوؤں کو یکجاکیا۔

کتاب کے ایڈیٹر پروفیسر محمد اکرم نے بتایا کہ یہ کتاب انسانی مائیکرو بایوم اور سرطان کے باہمی تعلق کے سلسلہ میں سامنے آنے والے شواہد کو یکجا کرنے اور مائیکرو بایوم کی بنیادی سائنسی تحقیق کو سرطان کے علاج سے مربوط کرنے کے مقصد سے مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شواہد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو سرطان کے آغاز، رسولی کی افزائش، مدافعتی نظام ، علاج کے ردِعمل اور علاج سے وابستہ مضر اثرات میں مائیکرو بایوم کے کردار کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 19 ابواب پر مشتمل یہ کتاب 4 حصوں میں تقسیم ہے، جن میں انسانی مائیکرو بایوم اور سرطان سے متعلق مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر رقیہ افروز، ڈاکٹر سمرین ظہیر، مس آفرین کمال فاروقی اور ڈاکٹر محمد عامر پر مشتمل ادارتی ٹیم نے کتاب کی تیاری میں پروفیسر اکرم کی معاونت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande