
نئی دہلی، 3 ستمبر (ہ س) ۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) اگلے ماہ سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ اس معاہدے پر دونوں کے ملکوں کے درمیان 27 اپریل کو دستخط ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایف ٹی اے اگلے ماہ سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ معاہدہ اگلے ماہ دونوں ملکوں کی باہمی رضامندی سے طے کی جانے والی تاریخ سے نافذ العمل ہو گا۔
اہلکار نے بتایا کہ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے، دونوں ممالک نے 27 اپریل کو اشیا اور خدمات میں آزادانہ تجارتی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ایف ٹی اے کے تحت، نیوزی لینڈ کو ہندوستان کی 100فیصد برآمدات کو ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے 27 اپریل کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں اشیا اور خدمات میں باہمی تجارت کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایف ٹی اے پر دستخط کیے تھے۔ مرکزی وزیر کامرس و صنعت پیوش گوئل اور نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ٹوڈ میکلے نے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس سے پہلے، نیوزی لینڈ نے ہندوستان کی بڑی برآمدی مصنوعات پر زیادہ سے زیادہ 10 فیصد ڈیوٹی عائد کی تھی، جن میں سیرامکس، قالین، گاڑیوں اور اس کے پرزے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ نے 15 برسوں میں 20ارب امریکی ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد