
علی گڑھ، 24 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وقار الملک ہال کے سینئر طلبہ نے نو وارد طلبہ کو ہال کی تاریخ، ورثے، ثقافت اور روایات سے روشناس کرانے اور ہال کے مکینوں میں وابستگی کا احساس پیدا کرنے کے مقصد سے ‘وقار کی وراثت’ کے عنوان سے طلبہ کے لئے ایک انڈکشن پروگرام منعقد کیا۔
سینئر ہال حیدر علی نے طلبہ کا خیرمقدم کیا اور ہال کی روایات کو سمجھنے اور انہیں آگے بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ہال ایڈمنسٹریٹر منظور احمد نے وقار الملک کی زندگی اور خدمات اور علی گڑھ تحریک سے ان کی وابستگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان اقدار کا ذکر کیا جن کی نمائندگی ان کے نام سے موسوم ہال کرتا ہے۔
کوچنگ اینڈ گائیڈنس کے سکریٹری شیراز ارتضیٰ نے ‘علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: ثقافت اور روایات’ کے موضوع پر ایک نشست منعقد کی، جس میں نئے مکینوں کو یونیورسٹی کے منفرد ثقافتی مزاج سے روشناس کرایا گیا۔ لٹریری سوسائٹی کے سکریٹری ندیم انصاری نے وقار الملک ہال کی تاریخی تشکیل اور ارتقا پر گفتگو کی، جبکہ ہال میگزین کے مدیرِ اعلیٰ مسٹر منصور احمد نے مختلف شعبوں میں ہال کے ممتاز سابق طلبہ کی کامیابیوں اور خدمات کو اجاگر کیا۔
ایک تعاملی نشست میں ہال کے سینئر اور جونیئر مکینوں نے ہال کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ نئے مکینوں نے اپنے خدشات، مسائل اور تجاویز بھی پیش کیں، جس سے رہائشی زندگی سے متعلق امور پر براہِ راست گفت و شنید کا موقع ملا۔
طالب علم سمیر رضا کی نظامت میں منعقدہ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں سینئر اور جونیئر مکینوں نے شرکت کی۔ سینئر فوڈ محمد ارشد نے اظہارِ تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ