
ممبئی، 24 ستمبر (ہ س)۔ میڈاک فلمز کی کورٹ روم ڈرامہ فلم ’پوجا میری جان‘ طویل عرصے سے موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ مرنال ٹھاکر کی اداکاری والی اس سسپنس تھریلر فلم کا باضابطہ ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم میں یک طرفہ محبت، جنون، دباو¿ اور کسی کی ’نہیں‘ کو قبول نہ کرنے کی ذہنیت کے درمیان پیدا ہونے والے خوفناک حالات کو دکھایا گیا ہے۔ موضوع اور کہانی کے پیش نظر فلم کو سنسر بورڈ سے ’اے‘ سرٹیفکیٹ ملا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری نوجوت گلاٹی نے کی ہے۔
ٹریلر کی کہانی پوجا (مرنال ٹھاکر) کے گرد گھومتی ہے، جس کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے جب ایک نامعلوم سرپھرا عاشق (وکرم سنگھ چوہان) اس کا تعاقب شروع کر دیتا ہے۔ ابتدا میں دونوں کے درمیان دوستی ہوتی ہے، لیکن رفتہ رفتہ یہی رشتہ پوجا کے لیے پریشانی اور خوف کا سبب بن جاتا ہے۔ شادی کے لیے بڑھتے دباو¿ کے بعد معاملہ سنگین رخ اختیار کر لیتا ہے اور بات جان لیوا حملے تک پہنچ جاتی ہے۔
اس کے بعد کہانی الزامات، قانونی پیچیدگیوں اور انصاف کی لڑائی کی جانب بڑھتی ہے۔ ٹریلر میں مرنال کا کردار خوف، دباو¿ اور انصاف کی تلاش کے درمیان جدوجہد کرتا نظر آتا ہے۔ فلم میں ہما قریشی اور وجے راج بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ ’پوجا میری جان‘ 2 اکتوبر 2026 کو براہِ راست او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو پر اسٹریم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد