علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں دس روزہ سنسکرت مکالماتی کیمپ کا آغاز
علی گڑھ، 24 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سنسکرت نے سنٹرل سنسکرت یونیورسٹی، نئی دہلی کے اشتراک سے شعبے میں دس روزہ سنسکرت مکالماتی کیمپ کا افتتاح کیا۔ فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی
سنسکرت


علی گڑھ، 24 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سنسکرت نے سنٹرل سنسکرت یونیورسٹی، نئی دہلی کے اشتراک سے شعبے میں دس روزہ سنسکرت مکالماتی کیمپ کا افتتاح کیا۔

فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر زبیر شاداب مہمانِ اعزازی تھے۔ شعبہ سنسکرت کی چیئرپرسن پروفیسر ساریکا وارشنے نے پروگرام کو مربوط کیا۔

کیمپ کے انسٹرکٹر مسٹر انوپم میتی نے بتایا کہ کیمپ کا مقصد شرکاء کو سنسکرت زبان سے روشناس کرانا، اسے سمجھنے اور بولنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور روزمرہ کی زندگی میں اس کے عملی استعمال سے واقف کرانا ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر رضوان خان نے سنسکرت کے مطالعے اور اس کے عملی استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تہذیب کو سمجھنے کے لیے اس کی زبان کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے مختلف کالجوں سے آنے والے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔

پروفیسر زبیر شاداب نے کہا کہ دنیا بھر کی متعدد زبانوں نے تلفظ کے لیے سنسکرت کے صوتیاتی اصولوں سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے قواعدِ زبان کے میدان میں مہارشی پانینی کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے سنسکرت میں زیادہ دلچسپی پیدا کرنے اور اسے ابلاغ کا ذریعہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر ساریکا وارشنے نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں یادگاری نشان پیش کیے۔ تقریب میں شعبہ سنسکرت کے ریسرچ اسکالرز، ویمنس کالج، ڈی ایس کالج، وارشنے کالج، پی سی باگلا کالج اور راجا مہندر پرتاپ یونیورسٹی سے وابستہ دیگر کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی۔

علی گڑھ کے متعدد افراد بھی کیمپ میں شرکت کررہے ہیں۔ پروگرام کی نظامت مسٹر ثاقب نے کی، جبکہ ڈاکٹر ظفر افتخار نے اظہارِ تشکر کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande