جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جموں، 24 ستمبر (ہ س)۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے پریت نگر اور وارڈ نمبر 45 و 52 کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے شہری سہولیات اور مقامی لوگوں کو درپیش مسائل ک
Jmc


جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا

جموں، 24 ستمبر (ہ س)۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے پریت نگر اور وارڈ نمبر 45 و 52 کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے شہری سہولیات اور مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اس دوران مقامی باشندوں اور محلہ ویلفیئر کمیٹی کے ارکان نے پانی کی نکاسی، صفائی، فضلے کو ٹھکانے لگانے، خستہ حال گلیوں و سڑکوں، بارش کے دوران پانی جمع ہونے اور گندے پانی کی نکاسی کے مسائل سے کمشنر کو آگاہ کیا۔

وارڈ نمبر 52 کی ایکسٹینشن تریکوٹہ نگر گلی نمبر 6 کے رہائشیوں نے بتایا کہ گلی کے دونوں جانب نالیاں بند ہیں، پلیا خستہ حال ہے اور مرکزی نکاسی آب بھی رکا ہوا ہے، جس کے باعث گندا پانی جمع رہتا ہے اور بارش کے دوران صورتحال مزید خراب ہوجاتی ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑکوں کے کنارے اور پریت نگر کی مرکزی سڑک کے قریب ایک کھلے پلاٹ میں کوڑا پھینکے جانے کی شکایت کرتے ہوئے مزید کوڑے دان رکھنے اور باقاعدہ نگرانی کا مطالبہ کیا۔

رہائشیوں نے خستہ حال گلیوں اور سڑکوں کی مرمت، بند نالیوں کی صفائی، پلیا کی مرمت اور پانی کی نکاسی کا نظام بحال کرنے کی بھی اپیل کی۔ ڈاکٹر دیوانش یادو نے یقین دلایا کہ عوام کے جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو متاثرہ علاقوں میں فوری صفائی، جمع شدہ کوڑے کو ہٹانے اور غیر مجاز طور پر کچرا پھینکنے کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

ایگزیکٹو انجینئر کو نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لے کر مرمت و تعمیر نو کا منصوبہ تیار کرنے اور بند نالیوں و پانی کی نکاسی کے راستوں کو بحال کرنے کی ہدایت دی گئی۔ خراب سڑکوں اور گلیوں میں فوری طور پر گڑھے بھرنے کے لیے مشینری تعینات کرنے کو بھی کہا گیا۔ کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ فیلڈ معائنوں کے دوران سامنے آنے والے مسائل کا عملی حل یقینی بنایا جائے اور کارروائی کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہے۔ انہوں نے شہری مسائل کے فوری ازالے کے لیے باقاعدہ زمینی معائنے اور عوام سے براہِ راست رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی دی۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande