
۔ڈرگ اسمگلنگ اور وصولی کے نیٹ ورک سے جڑے معاملات میں پنجاب پولیس نے گرفتار کیا
پٹیالہ، 24 ستمبر (ہ س)۔ 2019 سے فرار چل رہے برخاست اے آئی جی راج جیت سنگھ نے پٹیالہ پولیس کے سامنے خودسپردگی کر دی۔ راج جیت سنگھ کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً چھ سال سے جاری ان کی فراری ختم ہو گئی۔
پنجاب کے ڈی جی پی گورو یادو نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راج جیت سنگھ کو منشیات کی اسمگلنگ اور جبری وصولی کے مبینہ نیٹ ورک سے جڑے معاملات میں نام سامنے آنے کے بعد اپریل 2019 میں پولیس سروس سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ یہ معاملہ برخاست انسپکٹر اندرجیت سنگھ سے متعلق تحقیقات کے دوران سامنے آیا تھا۔ اندرجیت سنگھ پر منشیات اسمگلنگ اور وصولی کے نیٹ ورک میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے حکم پر ہونے والی تحقیقات میں راج جیت سنگھ کے کردار پر بھی سوالات اٹھے تھے۔
ہائی کورٹ کے ریکارڈ کے مطابق تحقیقات میں راج جیت سنگھ کے اندرجیت سنگھ اور بعض دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ مبینہ کردار کی بھی جانچ کی گئی تھی۔ راج جیت سنگھ کے خلاف 2019 میں دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان میں ایک مقدمہ ویجیلنس بیورو نے آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزامات میں درج کیا تھا، جبکہ دوسرا مقدمہ اسپیشل ٹاسک فورس نے مبینہ وصولی، لوگوں کو جھوٹے منشیات کے مقدمات میں پھنسانے اور مبینہ منشیات اسمگلروں کو تحفظ فراہم کرنے کے الزامات میں درج کیا تھا۔
پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد راج جیت سنگھ روپوش ہو گئے تھے۔ انہیں گرفتار کرنے کے لیے لک آو¿ٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا اور مختلف ایجنسیاں ان کی تلاش میں مصروف تھیں۔ ہائی کورٹ نے اس سے قبل سینئر پولیس افسران کے مبینہ کردار کی تحقیقات کی ہدایت بھی دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی راج جیت سنگھ سے منسلک مالی اثاثوں کی بھی جانچ کی گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد