
پونے میں سائبر فراڈ سے محتاط رہنے کی اپیل
پونے، 24 ستمبر (ہ س)۔ معلومات و تعلقات عامہ کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ریاست بھر میں چلائے جا رہے لوک سمواد 2026 پروگرام کے تحت سنت نگر یووا پرتشٹھان، سنت نگر، لوہ گاؤں میں شہریوں کو سائبر جرائم اور آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے بارے میں رہنمائی دی گئی۔ پولیس اہلکار باجی راؤ ویر نے شہریوں کو سائبر فراڈ کی مختلف اقسام اور ان سے بچنے کے احتیاطی طریقوں کی معلومات فراہم کی۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال، فرضی اکاؤنٹس کے ذریعے دھوکہ دہی، فحش پیغامات، تبدیل شدہ تصاویر اور مختلف مالی فراڈ سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ فشنگ، آن لائن شاپنگ فراڈ، لون ایپ فراڈ، ٹاسک فراڈ، نامعلوم اے پی کے فائل، وائس کلوننگ، ڈیجیٹل گرفتاری، ٹریڈنگ فراڈ اور کریڈٹ کارڈ فراڈ کے ذریعے لوگوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
شہریوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے آن لائن اکاؤنٹس میں ٹو اسٹیپ تصدیق فعال رکھیں، مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور نامعلوم وائی فائی نیٹ ورک سے جڑنے سے گریز کریں۔ اسی طرح نامعلوم ذرائع سے کوئی ایپ یا فائل ڈاؤن لوڈ نہ کریں اور آن لائن کسی نامعلوم شخص کو جواب دیتے وقت بھی احتیاط برتیں۔ کسی بھی آن لائن مالی لین دین سے پہلے متعلقہ معلومات کی مکمل تصدیق کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اگر کسی شہری کے ساتھ سائبر فراڈ ہوجائے تو اسے فوری طور پر 1930 سائبر ہیلپ لائن پر رابطہ کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ cybercrime.gov.in پر شکایت درج کی جاسکتی ہے یا قریبی پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت دی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر پولیس سب انسپکٹر دنیش راؤت، پروین گورَو، سمادھان پھڈترے، سنت نگر یووا پرتشٹھان کے صدر نیلیش پوار اور سکریٹری وکاس ماکنے سمیت دیگر شہری موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے