
نئی دہلی، 20 ستمبر (ہ س)۔ نوجوانوں اور کھیل کے امور کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اتوار کو جاپان کے ناگویا میں واقع میجو پارک میں ’سنڈیز آن سائیکل‘ کے 91ویں ایڈیشن کی قیادت کی۔ انہوں نے بھارتی تارکین وطن کے ارکان کو ایشین گیمز-2026 میں حصہ لینے والے بھارتی دستے کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے متحد کیا۔
وزارت کھیل کے مطابق یہ پہل حکومت کی ان کوششوں کی عکاسی کرتی ہے، جن کے تحت کھیلوں کی عالمگیر زبان کے ذریعے بیرون ملک مقیم بھارتیوں کے ساتھ عوامی رابطے کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فٹ انڈیا موومنٹ کے تحت فٹنس اور صحت مند طرز زندگی کے پیغام کو بھی تقویت دی جا رہی ہے۔
مانڈویا نے پروگرام میں شریک افراد سے بات چیت کی اور ایشین گیمز میں بھارت کی حمایت کے لیے ایک ساتھ آنے کے ان کے جوش و جذبے کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے ناگویا میں ایشین گیمز کا آغاز ہو چکا ہے اور بھارت سے 500 سے زیادہ کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ ان کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے۔
مانڈویا نے کہا کہ ناگویا میں مقیم بھارتی تارکین وطن برادری نے یہاں منعقد ’سنڈیز آن سائیکل‘ پروگرام میں شرکت کرکے ہمارے کھلاڑیوں کی حمایت اور حوصلہ بڑھانے کے لیے جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمارا دستہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ہماری تارکین وطن برادری ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
مرکزی وزیر مانڈویا ایشین گیمز-2026 کے لیے جاپان کے ناگویا میں ہیں، جہاں وہ بھارتی کھلاڑیوں، حکام اور بھارتی برادری سے بات چیت کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد