
نئی دہلی، 20 ستمبر (ہ س)۔ جودھپور میں جاری فضائی مشق ’ویر گارجین‘ کے دوران اتوار کو بھارتی فضائیہ کے سربراہ اور جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے چیف نے لڑاکا طیارے ’تیجس‘ میں پرواز کی، جبکہ ان کے ساتھ آسمان میں’سکھوئی-30 ایم کے آئی‘ طیاروں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دونوں ممالک کے فضائی سربراہوں کی یہ مشترکہ سرگرمی بھارت اور جاپان کے درمیان بڑھتے دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ اور جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس (جے اے ایس ڈی ایف) کے چیف آف اسٹاف جنرل تاکے ہیرو موریتا نے ایئر فورس اسٹیشن جودھپور پر مشق ’ویر گارجین‘ کے دوران لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) تیجس مارک1- میں الگ الگ پرواز کی۔ مشق کے تحت پرواز سے قبل دونوں فضائی سربراہ اپنے اپنے طیاروں کی جانب جاتے ہوئے بھی نظر آئے۔بھارت اور جاپان کے درمیان 9 ستمبر سے شروع ہونے والی دو طرفہ فضائی مشق ’ویر گارجین‘ 22 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس مشق میں دونوں ممالک کے جدید جنگی طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ بھارت کی جانب سے تیجس، سکھوئی-30 ایم کے آئی اور رافیل طیارے جبکہ جاپان کی جانب سے ایف2- اے لڑاکا طیارے شامل ہیں۔ مشق کا مقصد دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی آپریشنل صلاحیت اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔یہ مشق ایسے وقت میں ہورہی ہے جب 10 ستمبر کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ’ویر گارجین‘ میں شرکت کے لیے جاپان کی جانب سے اپنے جنگی طیارے بھارت بھیجے جانے کو بھارت-جاپان دفاعی شراکت داری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے جنگی طیاروں کا بھارت کا پہلا دورہ ہند-بحرالکاہل خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے بڑھتے اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں گزشتہ ماہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ویر گارجین‘ جیسی مشقوں اور دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی دوروں سے دفاعی تعاون اور باہمی تال میل مزید مستحکم ہوگا۔بھارتی فضائیہ نے دو طرفہ جنگی مشق ’ویر گارجین‘ کے لیے جودھپور پہنچنے پر جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ایف2- جنگی طیاروں کا استقبال کیا۔ 14 روزہ مشق کے دوران دونوں ممالک کے فضائی اہلکار جدید آپریشنل مشنز انجام دے رہے ہیں اور پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔جاپانی فضائیہ کے جنگی طیاروں کے ساتھ یہ بھارت کی دوسری فضائی مشق ہے۔ اس سے قبل 2023 میں بھارتی جنگی طیاروں نے پہلی مرتبہ جاپان کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت بھارتی دستے نے چار سکھوئی-30 ایم کے آئی طیاروں کے ساتھ مشق میں حصہ لیا تھا۔ پہلی مشق کے دوران دونوں ممالک کی فضائی افواج نے 16 روز تک جاری رہنے والی ’ویر گارجین‘ مشق میں ایک دوسرے کی آپریشنل صلاحیتوں اور تجربات سے استفادہ کیا تھا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan