
نئی دہلی، 02 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج یہاں سشما سوراج بھون میں جل شکتی وزارت کی دو روزہ محکمہ جاتی چوٹی کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے تصور پر مرکوز یہ پہلا محکمہ جاتی چوٹی اجلاس ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق، اس کا مقصد ’ٹیم انڈیا‘ کے جذبے کو مضبوط بنانا، باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کو مزید گہرا کرنا اور مرکز و ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعے قومی ترجیحات کے تئیں اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔ کانفرنس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ سینئر افسران بھی شرکت کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے پہلے روز آبی شعبے سے متعلق اہم ترجیحات پر تبادلہ خیال کے علاوہ مختلف ریاستوں کے بہتر طریقۂ کار کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے عمل درآمد سے متعلق چیلنجز کا حل تلاش کرنے اور وقت مقررہ کے اندر عملی منصوبہ تیار کرنے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ چار اہم شعبوں پر بھی بات چیت شروع ہوئی، جن میں آبی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا بروقت نفاذ، ’جل سنچیہ جن بھاگیداری- کیچ دی رین‘، پینے کے پانی کے نظام کے ذرائع کا تسلسل اور جل جیون مشن 2.0 کے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کا آپریشن اور دیکھ بھال شامل ہیں۔
اس غور و فکر کا مقصد آبی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو رفتار دینا، آبی تحفظ میں عوامی شراکت داری کو بڑھانا، پینے کے پانی کے ذرائع کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانا اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی خدمات کی قابل اعتماد فراہمی اور جواب دہی میں بہتری کے لیے ٹھوس اور وقت مقررہ کے مطابق اقدامات طے کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد