
کٹھمنڈو، 2 ستمبر (ہ س)۔ نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے بچاو اور امدادی کاموں میں تعاون کے لیے ہندوستان سے بھیجی گئی امدادی سامان کی پانچویں کھیپ کٹھمنڈو پہنچ چکی ہے۔ کٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہندوستان کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان ہندوستانی سفارت خانے کے نمائندے نے حکومت نیپال کے نمائندے کے حوالے کیا۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بدھ کی صبح بتایا کہ ہندوستان سے امداد کی پانچویں کھیپ طیارے کے ذریعے نیپال کے لیے روانہ ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے میں تلاش اور بچاو کے خصوصی آلات سے لیس 11 رکنی ریسکیو ٹیم نیز 5.5 ٹن ضروری ادویات روانہ کی گئی ہیں۔ یہ ٹیم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی مہم میں تعاون فراہم کرے گی۔ ابھی دو دن قبل ہی ہندوستان نے سیلاب متاثرین کے لیے 11 ٹن امدادی سامان اور تکنیکی ٹیم کے ہمراہ چوتھا طیارہ نیپال بھیجا تھا۔
نیپال میں اس وقت بچاو اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ہندوستان سمیت مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن