
نئی دہلی، 2 ستمبر(ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے دہلی کے جانکی دیوی میموریل کالج (جے ڈی ایم سی) کے اسٹوڈنٹ یونین انتخابات میں جنرل سکریٹری کے عہدے پر راکبہ ترنم کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کے خلاف عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کالج انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے معاملے کی مزید سماعت 12 اکتوبر کو مقرر کی ہے۔
راکبہ ترنم جانکی دیوی میموریل کالج کی بی اے سوشیالوجی آنرز کی طالبہ ہیں۔ سماعت کے دوران راکبہ ترنم کی طرف سے پیش ہوئے وکیل اشوک اگروال نے کہا کہ درخواست گزار نے 24 اگست کو ہونے والے کالج کے طلبہ یونین کے انتخابات میں جنرل سکریٹری کا عہدہ حاصل کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ راکبہ ترنم نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے لیکن کالج انتظامیہ نے 26 اگست کو ان کا انتخاب کالعدم قرار دے دیا اور دوسرے امیدوار رشمی سنگھ کو جنرل سکریٹری کے عہدے پر منتخب قرار دے دیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ راکبہ کے انتخاب کی منسوخی کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ طلبہ تنظیم ایس ایف آئی نے انتخابات کے اگلے دن اپنے انسٹاگرام پیج پر سلامی پوسٹ کی تھی۔ راکبہ ترنم نے کہا ہے کہ متعلقہ انسٹاگرام اکاونٹ پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے اور وہ کسی سیاسی جماعت یا طلبہ تنظیم کی رکن نہیں ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو اس کے انتخاب سے پہلے نہ تو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور نہ ہی اسے متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹ سے جوڑتے ہوئے کوئی تحریری شکایت دکھائی گئی تھی۔
ہندوستان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی