
وکرولی میں میٹرو منصوبے کا لوہے کا بیریکیڈ گرنے سے ایک شخص جاں بحق تین زخمی
ممبئی، 19 ستمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وکرولی علاقے میں میٹرو منصوبے کے کام کے دوران سڑک پر لگایا گیا لوہے کا بیریکیڈ اچانک گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی، جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وکرولی پارک سائٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جاں بحق شخص کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو راجا واڑی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس افسر کے مطابق حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت 54 سالہ وصی حیدر کے طور پر ہوئی ہے۔ وصی حیدر گھاٹ کوپر کی غوثیہ چال میں رہتا تھا اور جمعہ کو اپنی موٹر سائیکل سے پلمبنگ کا کام کرنے کے لیے ملنڈ جارہا تھا۔ اسی دوران وکرولی کے ایل بی ایس مارگ پر روزری بلڈنگ کے سامنے ڈیوائیڈر پر نصب لوہے کا بیریکیڈ اچانک گر کر اس کی موٹر سائیکل پر جاگرا۔ بیریکیڈ کی زد میں آنے سے وصی حیدر شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے فوراً بعد اسے علاج کے لیے گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ حادثے میں دیگر 3 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے اور ان کا راجا واڑی اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔
اس راستے پر گزشتہ کئی برس سے میٹرو کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ حادثے کے بعد وکرولی پارک سائٹ پولیس نے جاں بحق شخص کے بیٹے کی شکایت کی بنیاد پر میٹرو کا کام کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی، کمپنی کے سپروائزر اور پروجیکٹ مینیجر کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اب اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ لوہے کا بیریکیڈ کس وجہ سے اچانک گرا اور تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی انتظامات کس حد تک کیے گئے تھے۔ فی الحال اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور پولیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے