
بہرائچ، 19 ستمبر (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع بہرائچ کی سوجولی گرام پنچایت میں جمعہ کی رات ایک تیندوا آبادی میں داخل ہوگیا اور چارپائی پر سو رہے ایک دیہی باشندے کو مچھر دانی سمیت پکڑ کر تقریباً 10 میٹر تک گھسیٹ لے گیا۔ شور مچانے پر اہل خانہ اور آس پاس کے لوگ جاگ گئے۔ بھیڑ جمع ہوتے دیکھ کر تیندوا موقع سے فرار ہوگیا۔ حملے میں بلیرام زخمی ہوگئے۔
واقعہ کستوبا گاندھی اسکول کے سامنے واقع ایک مکان میں رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ کھانا کھانے کے بعد بلیرام روز کی طرح چارپائی پر سو رہے تھے۔ اچانک تیندوے نے مچھر دانی سمیت انہیں گھسیٹ کر ایک سنسان جگہ کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران بلیرام نے شور مچایا، جس پر اہل خانہ جاگ گئے۔ چیخ و پکار سن کر آس پاس کے دیہاتی بھی موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد تیندوا جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔
زخمی بلیرام کو سوجولی کے گرام پردھان راجیش گپتا سمیت دیگر دیہی باشندے فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر لے گئے۔معالج ڈاکٹر رام پال سنگھ نے ابتدائی علاج کے بعد ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر موتی پور ریفر کردیا۔
اطلاع ملتے ہی سوجولی رینج کے فاریسٹ رینج آفیسر نیرج شری واستو اسپتال پہنچے اور زخمی کی خیریت دریافت کی۔ اس کے بعد وہ گرام پردھان اور دیہی باشندوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے گولے اور پٹاخے داغ کر تیندوے کو آبادی سے دور رکھنے کی کوشش کی اور آس پاس کے علاقے میں گشت کی۔
رینجر نیرج شریواستو نے بتایا کہ تیندوے کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ جلد ہی پنجرہ لگا کر اسے پکڑنے کی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب تیندوے کے آبادی میں داخل ہوکر گھر کے اندر سو رہے دیہی باشندے پر حملہ کرنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دیہی باشندوں کا کہنا ہے کہ تیندوا اب جنگل تک محدود نہیں رہا اور آبادی میں پہنچ کر لوگوں کی جان کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات سے فوری طور پر پنجرہ لگا کر تیندوے کو پکڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے زخمی بلیرام کے اہل خانہ کو فوری طور پر پانچ ہزار روپے کی مالی امداد بھی فراہم کی گئی۔ محکمہ نے دیہاتیوں سے رات کے وقت خصوصی احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد