
برج ٹاؤن (بارباڈوس)، 19 ستمبر (ہ س)۔ جمیکا کنگز مین نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ہفتہ کی صبح (ہندوستانی وقت کے مطابق) کھیلے گئے کوالیفائر-2 میں جمیکا کی ٹیم نے گیانا ایمیزون واریئرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 206 رن بنائے۔ جواب میں کنگز مین نے 207 رن کا ہدف 19.4 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جمیکا کی جیت کی خاص بات اس کی اجتماعی بلے بازی رہی۔ اس کے ٹاپ پانچ بلے بازوں نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچایا۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری گیانا کی ٹیم کو ابتدا میں ہی جھٹکے لگے۔ سلامی بلے باز محمد حارث اور ماویندر دن دیال 9-9 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شیمرون ہیٹمائر بلے بازی کے لیے آئے۔ گزشتہ چند مقابلوں میں ان کا بلا خاموش رہا تھا، لیکن اس میچ میں انہوں نے شاندار واپسی کی۔ انہوں نے کپتان شائی ہوپ کے ساتھ مل کر اننگز کو تیزی سے آگے بڑھایا اور 12 اوور تک ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچا دیا۔
شائی ہوپ 33 گیندوں پر 40 رن بنا کر 13ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے بعد کوئنٹن سیمپسن نے آتے ہی جارحانہ بلے بازی شروع کردی۔ دوسری جانب ہیٹمائر مسلسل تیزی سے رن بناتے رہے۔ سیمپسن نے 17 گیندوں پر 29 رن بنائے۔ اننگز کے 20ویں اوور میں ہیٹمائر نے مسلسل بڑے شاٹس لگائے۔ اوور کی آخری دو گیندوں پر چھکے لگا کر انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔ ہیٹمائر 45 گیندوں پر 102 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ روماریو شیفرڈ 10 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہیٹمائر کی سنچری کی بدولت گیانا نے 4 وکٹ پر 206 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
207 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری جمیکا کنگز مین کو معاذ صداقت نے تیز شروعات دلائی۔ پہلے تین اوور میں صداقت نے 18 میں سے 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 رن بنائے، جن میں 38 رن چوکے اور چھکوں سے آئے۔ تیسرے اوور کی آخری گیند پر وہ آو¿ٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کرک میک کینزی اور کیسی کارٹی نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ میک کینزی نے 20 گیندوں پر 34 رن، جبکہ کارٹی نے 40 گیندوں پر 56 رن بنائے۔ صائم ایوب نے 17 گیندوں پر 23 رن کا اضافہ کیا۔
کنگز مین کو آخری پانچ اوور میں 55 رن درکار تھے۔ روومین پاول میدان میں آئے اور انہوں نے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 40 رن کی ناٹ آؤٹ دھواں دار اننگز کھیلی، جس کی بدولت جمیکا نے 19.4 اوور میں 5 وکٹ پر 207 رن بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد