
نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س)۔
ایشین گیمز 2026 میں شوٹنگ کے مقابلے اتوار سے شروع ہو رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں ہندوستان کی شوٹنگ ٹیم تجربے، بین الاقوامی کامیابیوں اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کے مضبوط امتزاج کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ مجموعی طور پر 30 ہندوستانی نشانہ باز رائفل، پسٹل اور شاٹ گن کے مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ہندوستانی ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں، جو بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ وہیں کئی نوجوان نشانہ باز بھی بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔
رائفل ٹیم میں تجربہ کار بین الاقوامی نشانہ بازوں کے ساتھ کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر موجود ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلے میں حصہ لیں گے۔ ایشوریہ نے 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ 50 میٹر تھری پوزیشن میں ان کے ساتھ نیرج کمار بھی حصہ لیں گے۔ خواتین کے مقابلے میں آشی چوکسے، تلوتما سین اور ودرسہ کے ونود ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔
رودرانکش بی پاٹل بھی ہندوستانی رائفل ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ 2022 کے عالمی چیمپئن رودرانکش 10 میٹر ایئر رائفل اور 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن، دونوں مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
10 میٹر ایئر رائفل میں ہندوستان کی جانب سے ایلاوینیل والاریون، پارتھ راجیش مانے، ہمانشو ڈھلوں، سونم اتم مسکر اور ودرسہ کے ونود بھی چیلنج پیش کریں گے۔
ہندوستان کی پسٹل ٹیم میں ملک کے موجودہ شوٹنگ پروگرام کے کئی اہم نام شامل ہیں۔ پیرس 2024 اولمپکس میں دو کانسی کے تمغے جیتنے والی منو بھاکر 10 میٹر ایئر پسٹل اور 25 میٹر پسٹل، دونوں مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ 10 میٹر ایئر پسٹل میں ان کی موجودہ عالمی درجہ بندی 12ویں ہے۔
ایشا سنگھ بھی 10 میٹر ایئر پسٹل اور 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
10 میٹر ایئر پسٹل میںسروچی، کمل جیت، کیدارلنگ بی اوچاگن وے اور آکاش بھاردواج بھی ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ سروچی مکسڈ ٹیم مقابلے میں بھی حصہ لیں گی۔
25 میٹر پسٹل میں منو اور ایشا کے ساتھ راہی بھی مقابلہ کریں گی، جبکہ انیش مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں حصہ لیں گے۔
عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر موجود انیش 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں حصہ لیں گے۔ اس کا فائنل یکم اکتوبر کو ہوگا۔
شاٹ گن ٹیم میں تجربہ کار اولمپین، ایشین گیمز کے تمغہ یافتہ اور حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نشانہ باز شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں 13ویں مقام پر موجود نیرو 2025 کی ایشین چیمپئن شپ میں خواتین کے ٹریپ مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد ایشین گیمز میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے 2026 میں اٹلی کے لوناتو میں منعقدہ عالمی کپ میں بھی طلائی تمغہ جیتا تھا۔
اننت جیت سنگھ نروکا اسکیٹ اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے ہانگژو ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ سابق ایشین چیمپئن بھی ہیں۔
مردوں کے اسکیٹ مقابلے میں بھگنتیگھ سنگھ گل اور معراج احمد خان، جبکہ خواتین کے اسکیٹ مقابلے میں مہیشوری چوہان، پریناز دھالیوال اور رائزا ڈھلوں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔
ہندوستان کی شوٹنگ مہم 20 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گی۔ رائفل، پسٹل اور شاٹ گن کے مختلف انفرادی، ٹیم اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں ہندوستانی نشانہ باز تمغوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔
مقابلوں سے قبل نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کے صدر کالیکیش نارائن سنگھ دیو نے ایک بیان میں کہا کہ ایشین گیمز کے لیے ہندوستان کی شوٹنگ ٹیم تجربے اور نوجوان صلاحیتوں کا مضبوط امتزاج ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے پورے سیزن میں سخت محنت کی ہے اور وہ عالمی کپ، عالمی چیمپئن شپ اور ایشیائی سطح کے مقابلوں سے حاصل ہونے والے اہم تجربے کے ساتھ ان کھیلوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز ان کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر مقابلہ کرنے اور اعتماد و فخر کے ساتھ ملک کی نمائندگی کرنے کا ایک اہم مواقع ہوں گے۔ ہم پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
این آر اے آئی کے جنرل سکریٹری پون کمار سنگھ نے کہا کہ رائفل، پسٹل اور شاٹ گن میں ہندوستانی شوٹنگ ٹیم کی گہرائی ملک میں اس کھیل کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔ ہمارے پاس اہم بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے نوجوان نشانہ باز بھی ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا پہلے ہی مظاہرہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ