
سماجوادی پارٹی کے کنبے کو متحد کرنا سب کا فرض ہے: ابو عاصم اعظمی
ایودھیا، 19 ستمبر (ہ س)۔ ممبئی کے رکن اسمبلی اور سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما ابو عاصم اعظمی ہفتہ کے روز ایودھیا پہنچے اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2027 میں سائیکل کو اقتدار میں لانے کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے کنبے کو متحد کرنا سب کا فرض ہے۔ سال 2027 کے انتخابات میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم نہ ہو، اس کے لیے اکھلیش یادو اتحاد سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ آج کے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی آزادی اور آئین کا تحفظ کریں۔
انہوں نے کہا کہ چائے کی دکانوں، بس اسٹینڈز اور عام شہریوں کے درمیان حکومت کے تئیں ناراضگی کی خبریں سنائی دے رہی ہیں۔بلڈوزر کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرم ثابت ہوئے بغیر کسی کا گھر مسمار کرنا قانون کے منافی ہے۔ بھدرسا کے معید خان معاملے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الزام عائد ہوتے ہی کارروائی کر دی گئی، جبکہ بعد میں ان کی بے گناہی کی بات سامنے آئی۔
کسی کے عقیدے کو ٹھیس نہیں پہنچنی چاہیے اور مندر و مسجد دونوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔ مذہب کی بنیاد پر عوام کے ساتھ تفریق نہیں ہونی چاہیے، آئین تمام مذاہب کے لیے یکساں ہے۔ معاشی مشکلات کے دور میں عام شہریوں پر بینکنگ چارجز کا اضافی بوجھ لادنا کسی طور مناسب نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن