
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔ آنند پروت علاقے کی پنجابی بستی میں ایک 33 سالہ خاتون کی مشتبہ حالات میں موت کے معاملے میں پولیس نے اس کے شوہر چندرپال بھاٹی (34) کو اتر پردیش کے بلند شہر سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں بیٹی کے بیان اور موقع سے ملنے والے حالات و شواہد کی بنیاد پر شوہر پر شبہ ہوا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا اور ان کے ازدواجی تعلقات کشیدہ تھے۔
پولیس کے مطابق 14 ستمبر کو آنند پروت تھانے میں ایک خاتون کے قتل کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر جتیندر کمار پولیس ٹیم کے ساتھ پنجابی بستی پہنچے، جہاں ایک کمرے میں خاتون مردہ حالت میں ملی۔ وہ اپنے شوہر، دو کم عمر بیٹیوں اور والدہ کے ساتھ رہتی تھی۔
تفتیش کے دوران تقریباً 10 سالہ بڑی بیٹی نے پولیس کو بتایا کہ صبح تقریباً 3:45سے 4 بجے کے درمیان اس کی آنکھ کھلی تو اس نے اپنے والد کو ماں کے پاس دیکھا۔ وہ اس کی سانس چیک کر رہے تھے۔ اس کے بعد والد گھر سے باہر چلے گئے۔ کچھ دیر بعد بچی نے دیکھا کہ اس کی ماں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق لاش کے معائنے میں جسم پر کوئی واضح بیرونی چوٹ نہیں ملی، تاہم گردن کے بائیں جانب ناخن جیسے نشانات موجود تھے۔ کرائم ٹیم اور ایف ایس ایل ٹیم نے موقع کا معائنہ کرکے تصاویر اور دیگر ضروری شواہد جمع کیے۔ خاتون کو ایل ایچ ایم سی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
بیٹی کے بیان اور موقع کے حالات کی بنیاد پر شوہر کا کردار مشتبہ ہونے کے بعد آنند پروت تھانے میں ایف آئی آر نمبر 517/2026، بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق اے سی پی/پی ٹی این سنیل کمار کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے تکنیکی تحقیقات، مقامی اطلاعات اور دستیاب شواہد کو یکجا کرکے ملزم کو بلند شہر سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے 16 گھنٹے کے اندر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ بیوی کے ساتھ اس کے اکثر تنازعات ہوتے تھے۔ پولیس کے مطابق ایک جھگڑے کے بعد اس نے مبینہ طور پر بیوی کا گلا دبا دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا اس سے قبل کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی