
جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے گزشتہ مالی سال کے دوران 237 ڈرون مار گرائے
جموں، 16 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے گزشتہ مالی سال کے دوران 237 ڈرون مار گرائے ہیں۔ وزارت دفاع کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 26-2025 کے دوران جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد پر ڈرون دراندازی کے 9 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ ملک کی بین الاقوامی سرحد پر ایسے واقعات کی مجموعی تعداد 863 رہی۔ ان میں سے 854 واقعات پنجاب اور راجستھان کے سرحدی علاقوں میں پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرون کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے اسپوفر اور جیمر سمیت الیکٹرانک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور مختلف علاقوں میں 237 ڈرون مار گرائے گئے۔
مار گرائے گئے ڈرونز میں 5 سے جنگی نوعیت کا سامان، 72 سے منشیات جبکہ 161 ڈرون بغیر کسی پے لوڈ کے برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سرحد کے قریب 2 اے کے 47 رائفلیں، 75 پستول اور 281.41 کلوگرام ممنوعہ مادہ بھی برآمد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سرحد کے قریب نگرانی کے ساتھ ساتھ ہتھیار، گولہ بارود اور منشیات کی اسمگلنگ کے لیے بھی ڈرونز کے استعمال کی کوششیں جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر