
کنگ کی ریلیز کی تاریخ پر شاہ رخ کی مہر
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی طویل انتظار کے بعد آنے والی فلم ’کنگ‘ کی ریلیز سے متعلق گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیوں پر فل اسٹاپ لگا دیا ہے۔ سال 2023 میں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ جیسی مسلسل تین کامیاب فلمیں دینے کے بعد شاہ رخ بڑے پردے سے دور ہیں۔ ایسے میں ان کے شائقین ’کنگ‘ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر فلم کی ریلیز ملتوی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی تھیں، لیکن اداکار نے خود واضح کر دیا ہے کہ فلم مقررہ وقت پر ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
شاہ رخ نے اپنے ایکس اکاونٹ پر منعقدہ ’آسک می اینی تھنگ‘ سیشن کے دوران شائقین کے سوالات کے جوابات دیے۔ ایک مداح نے ان سے فلم کے ٹریلر اور ریلیز سے متعلق اپ ڈیٹ طلب کی تو اداکار نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب براہِ راست فلم ہی دیکھیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ناظرین کو ترسا نہیں رہے ہیں، بلکہ ایک بہترین فلم تیار کرنے میں مصروف ہیں تاکہ شائقین کو بھرپور تفریح میسر آ سکے۔ شاہ رخ نے یقین دہانی کرائی کہ فلم سے وابستہ تمام تفصیلات 24 دسمبر سے پہلے منظر عام پر آ جائیں گی۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں متعدد چوٹیں آئیں، جس کے سبب کچھ عرصے کے لیے کام روکنا پڑا تھا۔ تاہم اب وہ پوری طرح صحت مند ہیں اور فلم کا کام آخری مراحل میں ہے۔ شاہ رخ کے مطابق فلم میں جاندار ایکشن، شاندار نغمے و موسیقی اور بہترین اداکاروں کی کہکشاں نظر آئے گی۔ ’کنگ‘ 24 دسمبر 2026 کو ریلیز ہوگی، جس میں ابھیشیک بچن، سہانا خان، دیپیکا پادوکون اور رانی مکھرجی سمیت متعدد فنکار جلوہ گر ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن