
ممبئی میں احتجاج کی اجازت کے لیے منوج جرانگے کی جانب سے تیسری درخواست، 50 افراد کو احتجاج کی اجازت دینے کا مطالبہممبئی ، 15 ستمبر (ہ س) ۔ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل کی جانب سے ممبئی میں مجوزہ احتجاج کے لیے پولیس سے اجازت حاصل کرنے کی کوشش تیز کردی گئی ہے۔ ممبئی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر اجازت مسترد کیے جانے کے بعد جرانگے کی جانب سے تیسری مرتبہ اجازت کے لیے درخواست داخل کی گئی ہے۔ اس درخواست میں 50 افراد کو احتجاج کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔نئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران ممبئی پولیس کی جانب سے مقرر کردہ تمام قواعد و شرائط پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 18 ستمبر کو مقررہ وقت کے اندر ہی احتجاج کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق اگر آج دوپہر تک احتجاج کی اجازت نہیں ملتی ہے تو منوج جرانگے پاٹل عدالت سے رجوع کرتے ہوئے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔پولیس نے گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ گزشتہ سال ہونے والے احتجاج کے دوران جنوبی ممبئی میں تقریباً 5000 گاڑیاں غیر مجاز طور پر کھڑی کردی گئی تھیں، جس کے باعث ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق اس وقت امن و امان کا مسئلہ بھی پیدا ہوا تھا۔ اس سال ممبئی میں 14 ستمبر سے گنیش اتسو شروع ہوچکا ہے۔ گنیش اتسو کے دوران شہر میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد ہوتی ہے، جس کے باعث ممبئی میں پہلے ہی بھیڑ اور ٹریفک کا دباؤ رہتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی کے نقطہ نظر سے ممبئی کی صورتحال حساس ہے۔احتجاج کے لیے مجوزہ مقام آزاد میدان کی گنجائش بھی پولیس کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ 2025 کے قواعد کے مطابق تقریباً 7000 مربع میٹر رقبے پر پھیلے آزاد میدان میں زیادہ سے زیادہ 5000 مظاہرین کو جگہ دی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب منوج جرانگے پاٹل نے بڑی تعداد میں مظاہرین سے ممبئی پہنچنے کی اپیل کی ہے۔اسی وجہ سے احتجاج کی اجازت دینے کے معاملے پر پولیس انتظامیہ اور منوج جرانگے پاٹل کے درمیان اختلاف مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ایک طرف پولیس شہر کی سکیورٹی، ٹریفک اور قانون و نظم کو لے کر محتاط ہے، جبکہ دوسری جانب جرانگے کی جانب سے احتجاج کے لیے اجازت حاصل کرنے کی کوشش مسلسل جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے