
نئی دہلی، 13 ستمبر (ہ س)۔ بین شیلٹن اب یو ایس اوپن 2026 کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ امریکی ٹینس اسٹار شیلٹن کا فائنل میں مقابلہ ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زویریو سے ہوگا۔ اگر شیلٹن یہ مقابلہ جیت جاتے ہیں تو وہ 23 سال بعد یو ایس اوپن مردوں کے سنگلز کا خطاب جیتنے والے پہلے امریکی کھلاڑی بن جائیں گے۔ فائنل مقابلہ آج رات 11:30بجے سے کھیلا جائے گا۔
شیلٹن نے سیمی فائنل میں ہم وطن فرانسس ٹیافو کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اب پہلی گرینڈ سلیم ٹرافی ان کے بہت قریب ہے اور شیلٹن اس موقع کو لے کر پوری طرح پ±رجوش ہیں۔
جیو اسٹار کی جانب سے جاری کیے گئے ایک انٹرویو میں شیلٹن نے فائنل کے بارے میں کہا کہ وہ مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ”میں کورٹ پر اپنا سب کچھ جھونک دوں گا۔ جیتوں یا ہاروں، مجھے اپنی کارکردگی اور اب تک کے سفر پر فخر رہے گا۔ لیکن یہی میرا خواب ہے۔ میں اسی کے لیے کھیل رہا ہوں۔ خواب اب میرے سامنے ہے اور میں اپنی کوشش میں کوئی کمی نہیں چھوڑوں گا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ وہ فوری کامیابی کے بجائے خود کو مسلسل بہتر بنانے پر یقین رکھتے ہیں اور ایک بہتر ٹینس کھلاڑی بننے کے لیے ابھی انہیں بہت آگے جانا ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اب ہدف صرف ایک قدم دور ہے اور وہ فائنل میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی ٹینس کے لیے تاریخی موقع
شیلٹن کا فائنل تک پہنچنا پہلے ہی امریکی ٹینس کے لیے ایک خاص کامیابی بن چکا ہے۔ 2003 میں اینڈی راڈک کے یو ایس اوپن جیتنے کے بعد سے کوئی بھی امریکی مرد کھلاڑی اس گرینڈ سلیم کا مردوں کا سنگلز خطاب نہیں جیت سکا ہے۔ اس کے علاوہ شیلٹن یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچنے والے آرتھر ایش کے بعد پہلے سیاہ فام امریکی مرد کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
اپنی کامیابی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شیلٹن نے اپنے خاندان اور ان تمام لوگوں کو کریڈٹ دیا جنہوں نے ان کے کیریئر میں ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا، ”یہ میرے لیے سب کچھ ہے۔ بہت سے لوگوں نے میرے لیے بہت کچھ قربان کیا ہے تاکہ میں آج اس مقام تک پہنچ سکوں۔ جب میں اس بارے میں سوچتا ہوں تو میرے دل میں ہمیشہ ان لوگوں کے لیے شکرگزاری کا جذبہ رہتا ہے جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرے پیچھے کھڑے رہے۔“
شیلٹن نے کہا کہ تاریخ کا حصہ بننا شاندار ہے، لیکن ان کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی