
نئی دہلی ،13ستمبر(ہ س )۔
نیپال کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے سی سی مینز پریمیئر کپ 2026 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ملیشیاکے بایوماس اوول میدان میں کھیلے گئے فائنل میں نیپال نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 44 رنوں سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ کپتان سندیپ لامیچھانے کی ٹیم نے بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ 2027 کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
فائنل مقابلے میں نیپال کے اوپنر آصف شیخ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری یو اے ای کی ٹیم 49.1 اوورز میں 269 رنز بنا کر آل آو¿ٹ ہو گئی۔
اے سی سی پریمیئر کپ ایشیا کپ کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے۔ خطاب جیتنے کے ساتھ ہی نیپال نے ایشیا کپ 2027 میں جگہ بنانے والی چھٹی اور آخری ٹیم کے طور پر اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
اس بار ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، اس لیے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور میزبان بنگلہ دیش کو براہِ راست داخلہ ملا ہے، جبکہ نیپال نے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جیت کر اپنی جگہ بنائی ہے۔
اے سی سی پریمیئر کپ کے فائنل میں ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے اتری نیپال کی ٹیم نے 50 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ اوپنر آصف شیخ نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ گلشن جھا نے محض 38 گیندوں پر 52 رنز بنا کر یو اے ای کے گیند بازوں پر دباو¿ برقرار رکھا۔
314 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری یو اے ای کی ٹیم مقررہ ہدف تک نہیں پہنچ سکی اور 49.1 اوورز میں 269 رنز بنا کر آل آو¿ٹ ہو گئی۔ یو اے ای کی جانب سے راہل چوپڑا نے 100 رنز کی سنچری اننگز کھیلی، لیکن ان کی یہ شاندار اننگز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ سہیب خان نے بھی 52 رنز بنائے۔
دوسری مرتبہ ایشیا کپ میں اترے گی نیپال کی ٹیم
نیپال اب دوسری مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے گا۔ اس سے پہلے ٹیم نے 2023 میں پہلی بار ایشیا کپ کھیلا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں نیپال کو بھارت اور پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دو میچ ہارنے کے بعد ٹیم مقابلے سے باہر ہو گئی تھی۔
تاہم گزشتہ تین برسوں کے دوران نیپالی ٹیم کی کارکردگی اور تجربے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اب ایشیا کپ 2027 میں ٹیم بڑی کرکٹ ٹیموں کو سخت چیلنج دینے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھی نیپال نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ