
ہو چی منہ سٹی، 12 ستمبر (ہ س):۔
تیسری سیڈ بھارت کی ایشارانی بروا نے ہم وطن رکشیتا شری رام راج کو شکست دے کر ویتنام اوپن 2026 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین سنگلز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ایشارانی نے ہفتہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں رکشیتا کو 21 -10، 21-18 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ 39 منٹ تک جاری رہا۔
ایشا رانی پہلی مرتبہ اس سیزن میں بی ڈبلیو ایف ٹور کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ اس سیزن میں اس سے پہلے ان کی بہترین کارکردگی مارچ میں اورلینز ماسٹرز سپر 300 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا تھی۔
دوسری جانب ٹاپ سیڈ بھارت کی تنوی شرما کو سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کی سارونراک وِتیدسارن کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 19-21، 20-22 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فائنل تک پہنچنے کے سفر میں ایشارانی نے گزشتہ راو¿نڈ میں چائنیز تائپے کی ہوانگ چنگ پنگ کو 21-15، 21-18 سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے پری کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کی گوہ جن وے کو بھی شکست دی تھی۔ پہلے راو¿نڈ میں انہیں بائی ملی تھی۔
مردوں کے سنگلز میں بھارت کے ایچ ایس پرنئے کا سفر بھی سیمی فائنل میں ختم ہوگیا۔ ٹاپ سیڈ تہ جیا ہینگ نے پرنئے کو 21-13، 21-8 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ