
نئی دہلی، 12 ستمبر(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی) کو سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی 6، فلیگ اسٹاف روڈ واقع سرکاری رہائش گاہ میں گولڈن کموڈ، بار اور سوئمنگ پول تلاش کرنے کا چیلنج دیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ میں گولڈن کموڈ، بار اور سوئمنگ پول کا جھوٹ اب سامنے آ جائے گا۔ بی جے پی کو ساتھ ہی مودی جی کا راج محل بھی دکھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 14 ستمبر کو جب کمیٹی وہاں پہنچے تو ان تینوں چیزوں کو ضرور تلاش کرے اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی عوام کے سامنے جاری کرے، کیونکہ بی جے پی بار بار دعویٰ کرتی رہی ہے کہ وہاں گولڈن کموڈ، بار اور سوئمنگ پول موجود ہے۔ کمیٹی اپنے ساتھ میڈیا کو بھی لے کر جائے اور اگر تلاش کرنے کے باوجود یہ تینوں چیزیں نہ ملیں تو بی جے پی اپنے جھوٹے دعووں کے لیے دہلی اور ملک کی عوام سے معافی مانگے۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ ایک معزز کمیٹی اروند کیجریوال کی سابق سرکاری وزیراعلیٰ رہائش گاہ کا دوبارہ دورہ کرنے والی ہے، جو بہت اچھی بات ہے اور اسے ایسا کرنا چاہیے۔ کمیٹی اس رہائش گاہ میں تین چیزیں ضرور تلاش کرے۔پہلی، وہ سونے کا کموڈ ضرور تلاش کرے جس کے بارے میں بہت کچھ سنا گیا تھا، یہ معلوم کرے کہ وہ کہاں ہے، اس کی قیمت کتنی ہے اور اس کی ایک تصویر بھی فراہم کرے۔ دوسری، وہ اس بار کو بھی تلاش کرے، کیونکہ اگر وہاں سے بوتلیں غائب بھی ہو گئی ہوں گی تو بار تو وہیں موجود ہوگا، اس لیے اسے ضرور تلاش کیا جائے۔ تیسری، وہ سوئمنگ پول بھی تلاش کرے۔ اب یہ نہ کہنا کہ اروند کیجریوال سوئمنگ پول اپنے ساتھ لے گئے، کیونکہ پھر تو یہ بی جے پی والی بات ہو جائے گی۔ اگر سوئمنگ پول مل جائے تو اس کی تصویر، ویڈیو یا ریل بنا کر ضرور جاری کی جائے۔ دوسری جانب آپ کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ملک اور دنیا کی سب سے بدعنوان پارٹی ہے، جس نے بھگوان شری رام کے مندر کا چندہ تک نہیں چھوڑا اور ان کے نام پر بھی گھوٹالا کیا۔ لوگ انہیں پیار سے چندہ چور پارٹی کہتے ہیں، جو کمبھ کرن کی نیند سے اٹھ کر صرف شیش محل، شیش محل چلاتی ہے اور پھر سو جاتی ہے۔ جب سے بی جے پی والے دہلی میں آئے ہیں، انہوں نے 650 کروڑ روپے کا صحت گھوٹالا، بچیوں کی سائیکلوں کی خریداری میں گھوٹالا اور چاول میں گھوٹالا کیا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اسکول، اسپتال، ہائی وے، سڑک اور گا¶ں کی گلیوں سے لے کر نالیوں تک، ہر چیز میں انہوں نے بدعنوانی کی ہے۔ آج ان کی حکومت میں لوگ کھلے مین ہول میں گر کر اپنی جان گنوا رہے ہیں، لیکن بی جے پی صرف اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ناٹک کرتی رہتی ہے۔ سنجے سنگھ نے بتایا کہ پیر کو بی جے پی ارکان اسمبلی کا ایک وفد 6، فلیگ اسٹاف روڈ کی جانچ کرنے جا رہا ہے اور ملک و دہلی کے لوگ اسے غور سے دیکھیں۔ عام آدمی پارٹی بی جے پی والوں کو کھلا چیلنج دے رہی ہے کہ جب وہ وہاں جائیں تو عوام کو وہ سونے چاندی کا کموڈ، وہ شاندار سوئمنگ پول اور وہ شراب کا بار ضرور دکھائیں، جن کے بارے میں انہوں نے اتنا جھوٹ پھیلایا تھا۔سنجے سنگھ نے کہا کہ جب میں اور سوربھ بھاردواج سچائی سامنے لانے کے لیے وہاں جا رہے تھے تو بی جے پی کی پولیس نے ہمیں روک دیا تھا، کیونکہ اس وقت بی جے پی کا سچ کھل کر سامنے آ جاتا۔ وزیراعظم مودی جی نے جو اپنا شاندار گھر بنا رکھا ہے، وہاں بھی پولیس نے ہمیں جانے نہیں دیا۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی بھارتی جھوٹا پارٹی ہے اور عام آدمی پارٹی کے خلاف سازش کرنا اور ایک کے بعد ایک لاکھ جھوٹ بولنا ہی ان کی زندگی کا مقصد ہے۔ پوری دنیا انہیں دیکھ رہی ہے، عوام اب ان سے محتاط ہو چکے ہیں اور اس معاملے میں بھی بی جے پی پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais