
نیویارک، 11 ستمبر (ہ س)۔ بیلاروس کی ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری سیڈ جیسیکا پیگولا کو سیدھے سیٹوں میں 7-5، 6-2 سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے ساتھ ہی سبالینکا مسلسل چوتھی مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں 28 سالہ سبالینکا نے سات ایس سمیت 29 ونرز لگائے اور اپنی طاقتور گراؤنڈ اسٹروکس کے ذریعے پیگولا کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ سبالینکا کی نظریں اب مسلسل تیسری بار یو ایس اوپن کا خطاب جیتنے پر ہیں۔
اگر سبالینکا خطاب جیتنے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہیں، تب بھی وہ عالمی نمبر ایک کی رینکنگ برقرار نہیں رکھ سکیں گی اور ایلینا ریباکینا ان کی جگہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلیں گی۔سبالینکا اب ہفتہ کو ہونے والے فائنل میں دوسرے سیمی فائنل کی فاتح سے مقابلہ کریں گی، جس میں دوسری سیڈ ایلینا ریباکینا اور چوتھی سیڈ کوکو گاف آمنے سامنے ہیں۔
فتح کے بعد سبالینکا نے کہا، ’’میں بہت خوش ہوں کہ میں اس طرح کا ٹینس کھیلنے میں کامیاب رہی۔ میں اس فتح کے لیے بے حد پُرجوش تھی اور اسے ہر حال میں حاصل کرنا چاہتی تھی۔‘‘
پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ سروس لگائی اور مقابلہ سخت رہا۔ تاہم 5-6 کے اسکور پر سبالینکا نے پیگولا کی سروس پر 0-40 کی برتری حاصل کرلی۔ پیگولا نے ایک سیٹ پوائنٹ بچایا، لیکن اگلے موقع پر سبالینکا نے سیٹ اپنے نام کرلیا۔
دوسرے سیٹ میں سبالینکا نے پیگولا کی کمزور دوسری سروس کا فائدہ اٹھایا اور 3-1 کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد بھی انہوں نے دباؤ برقرار رکھا اور میچ پوائنٹ پر زبردست فورہینڈ کے ساتھ ایک اور بریک حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔پیگولا کے لیے یہ ایک اور گرینڈ سلیم مایوسی ثابت ہوئی۔ وہ 2024 کے یو ایس اوپن فائنل میں بھی سبالینکا سے ہاری تھیں، جبکہ گزشتہ سال سیمی فائنل میں بھی انہیں سبالینکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سبالینکا اب کرس ایورٹ اور سرینا ولیمز کے بعد مسلسل تین یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے والی تاریخ کی صرف تیسری خاتون کھلاڑی بننے سے ایک فتح دور ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan